ایم کیو ایم حکومت سے باہر ہوتو مسائل بڑھ جاتے ہیں، عادل مٹو

8 فروری کا سورج کراچی کے عوام کیلیے کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، رئوف صدیقی مسیحی برادری میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا سدباب کروں گا، عرفان اللہ مروت

اتوار 28 جنوری 2024 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 جنوری2024ء) کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل ( سی آر ڈی سی )کے زیر اہتمام قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 237 کے امیدوار رئوف صدیقی اور صوبائی اسمبلی پی ایس 105 کے امیدوار عرفان اللہ مروت کی حمایت میں کشمیر کالونی میںکارنر میٹنگ منعقد کی گئی، جس میں کرسچن کمیونٹی کے علاوہ سرائیکی، ہزارہ وال، پشتون، کشمیری، پنجابی اور مہاجر عوام بڑی تعداد میں شریک ہوئے، عوام کے جم غفیر کے نتیجے میں کارنر میٹنگ بڑے جلسہ میں تبدیل ہوگیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے یوسف خیرات، چوہدری اسلم، الیاس، علی خان، خیال خان، علی عمران، الیاس خان، سلیم بادشاہ سمیت علاقے کے سرکردہ سماجی کارکنوں نے قومی اسمبلی کے امیدوار رئوف صدیقی اور صوبائی اسمبلی کے امیدوار عرفان اللہ مروت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کے چیئرمین عادل جارج مٹو نے کراچی میں متحدہ قومی موو منٹ اور عرفان اللہ مروت کی خدمات کو گنواتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم صوبائی حکومت سے باہر ہوتی ہے تو کراچی کے عوام کے مسائل بڑ ھ جاتے ہیںاور عرفان اللہ مروت اسمبلی میں نہ ہوں تو چیک اینڈ بیلنس کا نظام نہیں رہتا اس لیے رئوف صدیقی اور عرفان اللہ مروت کی انتخاب میں کامیابی ضروری ہے ، عادل جارج مٹو نے کہا کہ رئوف صدیقی اور عرفان اللہ مروت جیسے نگینوں کو قومی اور صوبائی اسمبلی میں فٹ کرنا این اے 237 اور پی ایس105 کے عوام کی ذمہ داری بنتی ہے، یہ ذمہ داری علاقے کے عوام بیلٹ پیپر میں پتنگ اور ستارہ پر ٹھپہ لگاکر پورا کریں گے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے صوبائی اسمبلی کے امیدوار عرفان اللہ مروت نے کہا کہ کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کئی دہائیوں سے مسیحی عوام کے حقوق کے سرگرم ہے، عادل جارج مٹو کے دادا جی اور والد جارج اللہ رکھا مٹو تحریک پاکستان کے سپاہی اور مسیحی کمیونٹی کے حقوق کے علمبردار تھے، انہوں نے کہا کہ مسیحی کمیونٹی سے ہمارا پرانا رشتہ ہے، انتخاب میں کامیابی کے بعد اپنے حلقہ کے عوام اور خاص طور پر مسیحی برادری میں بڑھتی ہوئی بے روزگاری کا سدباب کروں گا، حلقے کے عوام کو شکایات کا موقع نہیں دوں گا، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قومی اسمبلی کے امیدوار رئوف صدیقی نے کہا کہ کرسچن رائیٹس ڈیفنس کونسل کی کارنر میٹنگوں کا پرہجوم جلسوں میں تبدیل ہوجانا اس بات کا ثبوت ہے کہ 8 فروری کا سورج کراچی کے عوام کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا، اب کراچی کے عوام کو مزید بنیادی شہری سہولتوں سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، رئوف صدیقی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان بلا امتیاز رنگ و نسل ، مذہب و ملت عوام کی خدمت کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔