لیاری الائنس کے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی کچی لوہار واڑہ جماعت اور علاقہ معززین سے ملاقات

منگل 30 جنوری 2024 20:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2024ء) لیاری الائنس NA 239 کے امیدوار عبدالشکور شاد کی PS 107 کے امیدوار احمد بلال سلیم قادری اور PS 106 کے امیدوار محمد اقبال علامہ رضی حسینی کے ہمراہ کچھی لوہار واڈہ جماعت کیصدر حاجی اقبال ادا پونا والا و دیگر عہدیداران اور علاقائی معززین سے ملاقات کی۔اقبال ادا پونا والا نے ملاقات کے موقع پر جنرل الیکشن میں بھرپور حمایت کی یقین دہانی کی۔

انہوں نے کہا کہ 8 فروری کو انتخابی نشان ہوائی جہاز پر مہر لگا کر لیاری الائنس کے نمائندوں کو کامیاب کروائیں گے۔این اے 239 کے امیدوار عبدالشکور شاد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لیاری الائنس لیاری کے مسائل اور لیاری کی محرومیوں کے ازالے کے لیے میدان عمل میں آئی ہے۔لیاری کی عوام ہم پر اعتماد کرے ہم ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

پی ایس 107 کے امیدوار احمد بلال سلیم قادری نے کہا کہ یہ وقت انقلاب کا ہے عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے تبدیلی لا کر ملک کو موجودہ مسائل سے نکال سکتی ہے۔پاکستانی قوم وہ واحد قوم ہے جو ہر حالات کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہتی ہے۔لیاری کی عوام نے بھی ہر حالات میں امن و سلامتی کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔لیاری الائنس کے امیدواروں نے گھر گھر جا کر علاقہ مکینوں سے لیاری کے حالات کو بدلنے کا عہد کیا ہے۔

اب وہ وقت دور نہیں جب ملک کا نظام بدلے گا اور عوام خوشحال ہو جائے گی۔پوری قوم کی نظریں آنے والے الیکشن پر ہیں۔اب عوام کا کوئی امتحان نہیں لے سکتا عوام اپنا مستقبل کا فیصلہ خود کرے گی۔الیکشن کو روکنے کے لیے شہر کے حالات کو خراب کرنے کی بھی سازشیں کی جا رہی ہیں۔عوام پرامن رہ کر اپنے حقیقی نمائندوں کو اسمبلی تک پہنچائیں تاکہ وہ عوام سے چھینا گیا حق انہیں واپس دلوا سکیں۔