8فروری کو سندھ کے سوداگروں کی ضمانتیں ضبط کریں گے، راشد محمود سومرو

ْسندھ میں 7 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نشستوں کی آفر کی گئی لیکن سندھ کے ضمیر کا سودا نہیں کیا

بدھ 31 جنوری 2024 21:15

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2024ء) جمعیت علماء اسلام سندھ کے سیکریٹری جنرل راشد محمود سومرو نے کہاہے کہ 8فروری کو سندھ کے سوداگروں کی ضمانتیں ضبط کریں گے، سندھ میں 7 قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے نشستوں کی آفر کی گئی لیکن سندھ کے ضمیر کا سودا نہیں کیا، 8 فروری کے دن عوام کو سندھ دشمنوں سے نجات دلانے کا دن ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے صوبائی حلقہ پی ایس 2کے امیدوار شفیق خان کھوسو کی حمایت میں رہبر چوک ٹھل میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر این اے 190کے آزاد امیدوار محمد میاں سومرو، پی ایس 1کے امیدوار سردار عبدالرزاق کھوسو، پی ایس 3کے امیدوار ممتاز خان جکھرانی ، جے یو آئی کے ضلعی امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ضلعی جنرل سیکریٹری سید عبدالباسط شاہ، مفتی عبدالشکور کھوسو، مولانا عبدالجبار رند، ڈاکٹر خلیل احمد کھوسو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگر کسی نے ہمارے کارکن کے خلاف زیادتی کی تو ان مخالف امیدواروں کے خلاف مقدمہ درج کروائیں گے، جے یوآئی عوام کے بنیادی مسائل حل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کی خدمت نہ کرنے کے باعث پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی حالت انتہائی خراب ہے، بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پیسے حکومت کے پیسے ہیں ناکہ کسی جماعت کے ہیں۔ مقررین نے مزید کہا کہ 8 فروری کا دن ہماری کامیابی کا دن ہے ہم عوام کو تحفظ کی فراہمی اور مسائل سے نجات دلائیں گے۔