سعودی حکام نے بدعنوانی کے الزامات میں متعدد اعلی عہدیداروں کو گرفتار کرلیا

جمعرات 1 فروری 2024 08:50

سعودی  حکام  نے  بدعنوانی کے الزامات میں متعدد اعلی عہدیداروں کو  گرفتار ..
ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2024ء) سعودی عرب میں انسداد بدعنوانی کے ادارے نزاہتہ نے بدعنوانی کے الزامات میں متعدد اعلی عہدیداروں کو گرفتار کر لیا ہے۔ اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق زیرحراست افراد میں قاضی، عدالت کا کاتب، گورنریٹ کا اہلکار اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے عہدیدار اور حکومتی اہلکاروں کے علاوہ غیرملکی افراد بھی شامل ہیں۔

وزارت عدل کے تعاون سے محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیموں نے ایک کمشنری کے نوٹری پبلک کے سابق ڈائریکٹر کو سرکاری اراضی کو اپنے رشتہ دار کے نام منتقل کرنے کے الزام میں حراست میں لیا۔ اسی کیس میں ایک سابق جج کو بھی حراست میں لیا گیا۔ جج پر اراضی کی منتقلی ڈیڈ کی تصدیق کرنے پر 10 ملین ریال وصول کرنے کا الزام ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں نوٹری پبلک کے دو مزید اہلکاروں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔

انہوں نے اراضی کی لیز جاری کرانے میں تعاون کرنے پر مبینہ طور پر 50 لاکھ ریال وصول کئے۔بدعنوانی کے دوسرے مقدمے میں بلدیہ کے ایک اہلکار کو حراست میں لیا گیا جس نے مبینہ طور پر 63 ملین ریال لینے کے بعد 3 تجارتی اداروں کو غیرقانونی سرگرمیوں پر ملنے والی سزا کے خلاف غیرقانونی طور پر انہیں درآمدی اجازت جاری کرائی۔ تیسرے کیس میں بھی نوٹری پبلک کے ڈائریکٹر کو جعلی دستاویزات پر اراضی کی فروخت کی دستاویزات جاری کرانے اور انہیں 1.2 ملین ریال میں فروخت کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا۔

چوتھے کیس میں ایک گورنریٹ کے اہلکار کو گرفتار کیا گیا جس نے غیرقانونی طور پر 16 ترقیاتی منصوبوں کا کنٹریکٹ جاری کرایا جس کے منافع کی مالیت 2.65 ملین ریال تھی۔دیگر مقدمات میں جیل کے ایک میجر رینک کے افسر کو حراست میں لیا گیا۔اس پر 2.9 ریال غیرقانونی طورپر ہتھیانے کا الزام ہے جبکہ ایک اور پولیس اہلکار کو 1.9 ملین ریال امانت سینٹر سے نکالنے پر گرفتار کیا گیا۔

ایک سعودی شہری کو پولیس ناکہ پر موجود اہلکار کو ایک لاکھ ریال رشوت دینے پر گرفتار کیاگیا جبکہ وزارت دفاع کے ایک اہلکار کو ایندھن کی خرید کی مد میں بدعنوانی کے الزام میں 57 ہزار ریال لینے پر حراست میں لیا گیا۔ویٹنری ڈاکٹر کو فارمیسی کی ادویات کے ٹینڈر میں خورد برد پر حراست میں لیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے ایک اہلکار کو بھی گاڑیوں کی نمبر پلیٹوں اور ناکارہ گاڑیوں کو کینسل کرانے میں بدعنوانی کے الزام میں گرفتار کیا گیا۔

دریں اثنا ایک غیر ملکی شہری کو رشوت دینے کے الزام میں رنگے ہاتھو ں گرفتار کیا جبکہ ایک پولیس اہلکار کو تھانے میں قید شخص کا قیمتی سامان چرانے پر گرفتار کیا گیا ۔ایک غیر ملکی شہری کو جعلی پیشہ ورانہ سرٹیفیکٹ جاری کرانے کے لیے 23 ہزار ریال رشوت دیتے وقت گرفتار کر لیا گیا۔علاوہ ازیں دیگر مالیاتی جرائم میں بھی متعدد عہدیداروں کو حراست میں لے کر ان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔