ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف امیدوار ازخود الیکشن کمیشن میں طلب، جرمانے عائد

ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرکوہاٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں اور جرمانے عائد کیے

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 2 فروری 2024 11:13

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر مختلف امیدوار ازخود الیکشن کمیشن میں طلب، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 فروری2024ء) الیکشن کمیشن کمیشن آف پاکستان نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر نوٹس لیتے ہوئے مختلف امیدواروں کو جرمانے اور خلاف ورزیوں پر ازخود طلب کرلیا۔ ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات 2024 میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر الیکشن کمیشن نے نوٹس لے لیا جبکہ مختلف امیدواروں کو جرمانے اور خلاف ورزیوں پر ازخود طلب کرلیا۔

ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرکوہاٹ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کارروائیاں کیں اور جرمانے عائد کیے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے آزاد امیدوار نور اسلم آفریدی کو 5 ہزار روپے جرمانہ جبکہ اسی حلقے سے آزاد امیدوار فواد اللہ خان آفریدی کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اسی طرح صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90 سے اے این پی کے امیدوار یعقوب خان کو 5 ہزار روپے جرمانہ جبکہ اسی حلقے سے آزاد امیدوار جنید اللہ آفریدی کو 10 ہزار روپے جرمانہ کیا گیا۔

ادھر الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کے لئے بھی ضابطہ اخلاق جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے سوشل میڈیا کے لئے ضابطہ اخلاق کا ڈرافٹ تیارکر لیا گیا، عام انتخابات کے دوران سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو بھی کارڈ جاری کئے جا رہے ہیں، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سے بیان حلفی لیا جائے گا۔بتایا گیا کہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو پولنگ سٹیشن کے اندر جائزہ لینے کی اجازت ہو گی، سوشل میڈیا آپریٹر کسی سیاسی جماعت کے لئے ووٹ نہیں مانگ سکے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کسی امیدوار کی تشہیر یا ووٹر پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہیں کرے گا، سوشل میڈیا ایکٹوسٹ کو موبائل فون سے پولنگ سٹیشنز کے اندر کی فوٹیج بنانے کی اجازت نہیں ہو گی۔