شہید بینظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد میں رنگا رنگ سپورٹس فیسٹیول اختتام کو پہنچا

جمعہ 2 فروری 2024 17:21

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2024ء) شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شھيد بينظير آباد کی اسپورٹس سوسائٹی کی جانب سے یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کے درمیان شروع ہونے والا تین روزہ اسپورٹس فیسٹیول 2024 اپنی بھرپور رنگینیوں کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ یونیورسٹی اسپورٹس کمپلیکس میں منعقدہ اس میگا اسپورٹس فیسٹیول میں مختلف کھیلوں جیسے کہ بیڈ منٹن، ٹگ آف وار، ٹیبل ٹینس، 50 میٹر ریس اور بوری بند ریس کا انعقاد کیا گیا۔

بیڈ منٹن کے فائنل میں بزنس ڈیپارٹمنٹ کے طالبات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طالبات کو سنسنی خیز مقابلے میں شکست دی۔ جبکہ اکنامکس کے طلبا کی ٹیم نے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کی ٹیم کو ہرادیا۔ ٹگ آف وار گیم میں، جینیٹکس کے طالبات نے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبا کو شکست دی۔

(جاری ہے)

دوسری جانب اکنامکس کے طلبا نے بھی انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبا کو ہرا دیا۔

ٹیبل ٹینس کے مقابلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے طلبا اور طالبات نے بزنس ڈیپارٹمنٹ کے طلبا اور طالبات کو شکست دی۔ طالبات کے درمیان 50 میٹر ریس کے مقابلے میں مائیکرو بیالوجی کی صبا مسکان نے پہلی، اکنامکس کی مزلہ نے دوسری اور سندھی ڈیپارٹمنٹ کی شمائلہ نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ بوری بند ریس کے دلچسپ کھیل میں آرٹس اینڈ ڈیزائن کے طالب علم اسلم نے پہلی، اکنامکس کے سراج نے دوسری اور مائیکرو بیالوجی کے ساجد نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

کھیلوں کے اختتام پر تقریب تقسیم انعامات سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امانت علی جلبانی نے پروگرام کے منتظمین ڈاکٹر ارمان خانزادہ، ڈاکٹر الطاف خاصخیلی، شاداب فاطمہ، سہیل اسلم خاصخیلی اور امجد اعوان کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس فیسٹیول میں اسپورٹس سوسائٹی نے شہید بے نظیر بھٹو یونیورسٹی شہید بینظیر آباد کے طلباء پر مشتمل ایک گلدستہ تیار کیا ہے جس نے ثابت کیا کہ یہاں کے طلباء بغیر کسی خوف و خطر کے اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کی طاقت رکھتے ہیں۔ . مجھے امید ہے کہ اس یونیورسٹی کے طلباء مستقبل قریب میں امن کے پیامبر کے طور پر اپنا نام روشن کرتے رہیں گے۔