ملک کی معاشی ترقی میں بزنس کمیونٹی کاکرداراہمیت کا حامل ،تاجربرادری کے مسائل کا خاتمہ ترجیحات میں شامل ہے،گورنر خیبرپختونخوا

ہفتہ 3 فروری 2024 17:56

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 فروری2024ء) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ خواہش ہے صوبہ کی تمام بزنس کمیونٹی کے مسائل کا خاتمہ کریں،ہم نے ثابت کرنا ہے کہ ہمارا صوبہ پسماندہ نہیں اور ملکی معیشت میں اس کا بڑا حصہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز اندرون شہر نمک منڈی کا دورہ کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پرگورنر آل پاکستان کمرشل ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن( اے پی سی ای اے)کے دفتر بھی گئے،انہوں نے قیمتی پتھروں کا کاروبار کرنیوالی تاجر برادری کے نمائندوں سے ملاقات کی۔

صدر اپسیا سید منہاج الدین شاہ نے گورنر کو جیم سٹونز سے وابستہ افراد کو درپیش مسائل و مشکلات اور مذکورہ شعبہ کی ترقی کیلئے تجاویز و مطالبات پیش کئےجن میں جیم سٹونز شعبہ کو انڈسٹری کا درجہ دینے ،یونیورسٹیوں میں جیالوجی سنٹرکے قیام اور افغانستان سے آنیوالے قیمتی پتھروں کو ڈیوٹی فری جیسے مطالبات شامل ہیں۔

(جاری ہے)

گورنر خیبر پختو نخوا حاجی غلام علی نے اس موقع پر کہا کہ جیم سٹونز سیکٹر صوبے کا قیمتی شعبہ ہے،جیم سٹونز سیکٹر کی ترقی کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہے ،سوات، کوہستان سمیت ضم قبائلی اضلاع قیمتی پتھروں کی بہت بڑی استعداد رکھتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپسیا جدید ٹیکنالوجی سے واقفیت رکھنے والے طالبعلموں کو اپنے ساتھ رکھے تاکہ وہ اس شعبہ میں جدید اصلاحات لا سکیں،بہترین منصوبہ سازی و پالیسی سے جیم سٹونز سیکٹر کی ترقی ممکن بنائی جا سکتی ہے،صوبہ میں قیمتی پتھروں کی استعداد سے فائدہ اٹھانے کیلئے اس شعبہ سے وابستہ افراد کے ساتھ مکمل معاونت کریں گے،یونیورسٹیوں کو اپسیا کے ساتھ جیم سٹونز شعبہ کی ترقی کیلئے ایم او یو معاہدہ کرنیکی ہدایات جاری کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ صوبہ میں جلد جیم اسٹونز ایکسپورٹ سٹی بن جائے گا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نمک منڈی پشاور قیمتی پتھروں اور معدنیات کے لحاظ سے پوری دنیا میں مشہور ہے، یہاں ہزاروں افراد اس اہم شعبہ و کاروبار سے وابستہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں جیمز سٹی کے قیام سے ریونیو امور میں خاطر خواہ ترقی یقینی ہے جبکہ اس سے روزگار کے بیشتر مواقع بھی پیدا ہوں گے، ایکسپورٹ سیکٹر کو سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہیں۔

گورنرحاجی غلام علی نے کہاکہ ملک کی معاشی ترقی میں بزنس کمیونٹی کے کردار اور اہمیت کو کسی طور بھی نظر انداز نہیں کیا جاسکتا، یہ لوگ اس ملک کے وجود میں ریڑھ کی ہڈی سے بھی زیادہ اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں کاروبار کے فروغ اور کاروبار طبقہ کے مسائل کے خاتمہ کے ساتھ انکے لئے آسانیاں پیدا کرنا میرا مشن ہے۔