کرتارپور امن،پیار و محبت کی راہداری ہے، نگران وزیراعلی محسن نقوی

پیر 5 فروری 2024 21:50

نارووال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 فروری2024ء) نگران وزیراعلی پنجاب سید محسن نقوی نے چیف سیکرٹری پنجاب،آئی جی پنجاب اور صوبائی کابینہ کے ممبران کے ہمراہ گوردوارہ صاحب کرتارپور کا دورہ کیا۔گوردوارہ صاحب کرتارپور پہنچنے پر ڈپٹی کمشنر نارووال سید حسن رضا،ڈی پی او نارووال رانا طاہر رحمن،سابق ممبر صوبائی اسمبلی سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور ڈپٹی سیکرٹری پی ایم یو سیف اللہ کھوکھر نے ان کا پرتپاک استقبال کیا ۔

محسن نقوی کو کرتارپور کوریڈور پر بنائی جانے والی دستاویزی فلم دکھائی گئی۔وزیراعلی نے مہمانوں سمیت گوردوارہ صاحب میں جاری دعائیہ تقریب میں بھی شرکت کی۔ وزیراعلی کو گوردوارہ صاحب میں قائم آرٹ گیلری اور زیرو لائن کا بھی دورہ کروایا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کرتارپور امن،پیار اور محبت کی راہداری ہے۔

ہماری خواہش ہےکہ سکھ یاتریوں، جو روزانہ سینکڑوں کی تعداد میں کرتارپور صاحب آتے ہیں ، کے سپیشل پرمٹ کے حصول میں آسانیاں پیدا کی جائیں تاکہ روزانہ سینکڑوں کی بجائے ہزاروں اور لاکھوں کی تعداد میں سکھ یاتری گوردوارہ صاحب کے درشن کریں۔اس موقع پر گوردوارہ صاحب کرتارپور کے ہیڈ گرانتی،سردار اندر جیت سنگھ ممبر پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی اور سابق ممبر پنجاب اسمبلی و ایمبیسڈر کرتارپور کوریڈور سردار رمیش سنگھ اروڑہ کی جانب سے مہمانوں کو سروپہ صاحب پہنائے گئے اور کرپان صاحب بھی پیش کی گئیں۔