بیگم رعنا لیاقت علی خان کا 119واں یوم پیدائش 13 فروری کو منایا جائے گا

منگل 6 فروری 2024 11:50

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) تحریک پاکستان کی نامور رہنماء اور پاکستان کی سابق خاتون اوّل بیگم رعنا لیاقت علی خان کا 119واں یوم پیدائش 13فروری کو منایا جائے گا۔

(جاری ہے)

اس دن کی مناسبت سے ملک بھر میں مختلف تنظیموں کے زیر اہتمام تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا جن میں مقررین تحریک پاکستان کے نامور رہنماء سابق خاتون اوّل بیگم رعنا لیاقت علی خان کی تحریک پاکستان کے دوران نمایاں خدمات پر روشنی ڈالیں گے اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کریں گے اس موقع پر ریڈیو اور ٹیلی ویژن پر خصوصی پروگرام نشر اور ٹیلی کاسٹ کئے جائیں گے جبکہ اخبارات خصوصی ایڈیشن شائع کریں گے۔

بیگم رعنا لیاقت علی خان 13 فروری 1905 کو برطانوی ہندوستان کے شہر لکھنؤ میں پیدا ہوئیں۔بیگم رعنا لیاقت علی پاکستان کے پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کی اہلیہ تھیں وہ تحریک پاکستان کی رکن اور سندھ کی پہلی خاتون گورنر بھی تھیں۔ وہ اپنے شوہر کے ہمراہ تحریک پاکستان کی صف اول کی خواتین میں شامل تھیں۔ اور ذوالفقار علی بھٹو کے دور حکومت میں سندھ کی گورنر نامزد ہوئیں۔بیگم رعنا لیاقت علی خان13جون 1990ء کو جہان فانی سے کوچ کر گئیں۔