این اے 264،پی بی 44،45 اور 46میں پریزائیڈنگ افسران کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں،ساجد ترین ایڈووکیٹ

منگل 6 فروری 2024 22:44

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2024ء) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر ساجد ترین ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 264اور صوبائی اسمبلی کے حلقوں پی بی 44،45 اور 46میں پری پول دھاندلی کا منصوبہ بناتے ہوئے پریزائیڈنگ افسران کی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہی ہیں، پی بی 44میں 13پریزائیڈنگ افسران تبدیل کردئیے گئے ہیں، پیرا شوٹر امیدوار کو لانے کے لئے دھاندلی کی جارہی ہے ،اگر انٹرنیٹ سروسز معطل کی گئیں اور اسکا مقصد دھاندلی ہوگا، یہ بات انہوں نے نیشنل پارٹی کے امیدوار عطاء محمد بنگلزئی، بی این پی کے امیدواروں ملک نصیر شاہوانی ، وحید لہڑی، عبدالباسط لہڑی سمیت دیگر کے ہمراہ منگل کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔

انہوں نے کہا کہ ریٹرننگ افسران کی جانب سے پریزائیڈنگ افسران کی فہرست فراہم نہیں کی جارہی حلقہ پی بی 44میں 13پریزائیڈنگ افسران کو تبدیل کردیا گیا ہے این اے 264، پی بی 44،45،46میں پیرا شوٹر کو لانے کے لئے کام کیا جارہا ہے ریٹرننگ افسر نے بغیر بتائے اپنا دفتر بلوچستان یونیورسٹی منتقل کردیا ہے اگر سلیکشن کرنی ہے تو اس کے لئے اتنے بڑے پیمانے پر انتخابات کی بات نہ کی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں خدشہ اور تحفظات ہیں کہ دو بڑی جماعتوں کے امیدواروں کو لانے کے لئے یہ سب کیا جارہا ہے اگر عوام کا حق تسلیم نہ کیا گیا اور حقیقی نمائندوں کا راستہ روکا گیا تو حالا ت مزید خراب ہونگے ۔انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمیشنر، چیف جسٹس آف پاکستان اور صوبائی الیکشن کمیشن صورتحال کا نوٹس لیکر کاروائی کریں ۔