الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین ''الیکشن سٹی'' قائم کر دیا

بدھ 7 فروری 2024 18:14

الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کے انتخابی نتائج ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کے انتخابی نتائج کی تیزی سے ترسیل کیلئے جدید ٹیکنالوجی اور آلات سے مزین ''الیکشن سٹی'' قائم کیا ہے، کسی بھی خرابی کی صورت میں متبادل ویب سائٹ بھی تیار کی گئی ہے۔ بدھ کو الیکشن کمیشن میں ڈائریکٹر انفارمیشن ٹیکنالوجی محمد خضر عزیز نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے سیکرٹریٹ کے اندر جدید ٹیکنالوجی سے مزین ''الیکشن سٹی'' قائم کیا ہے جہاں سے میڈیا کو 855 حلقوں کے نتائج بلاتعطل اور فوری جاری کئے جا سکیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ وٹس ایپ، ای میل اور فیکس کے ذریعے انتخابی نتائج کی وصولی کے حوالے سے جامع حکمت عملی تشکیل دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن نے بغیر کسی تعطل کے نتائج کی ترسیل کو یقینی بنانے کیلئے متبادل ویب سائٹ بھی بنائی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) انٹرنیٹ کی عدم دستیابی پر کام کرے گا، یہ سسٹم ایسے علاقے جہاں پر کنکٹیویٹی کے مسائل ہیں وہاں پر سیٹلائٹ کمیونیکیشن سے منسلک کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ای ایم ایس دو حصوں پر مشتمل ہے جس میں ابتدائی طور پر پریذائیڈنگ آفیسر کی جانب سے نتائج فوٹو کے ذریعے لئے جائیں گے جو فارم۔45 کیلئے ریٹرننگ آفیسر کو بھجوایا جائے گا، اگر کہیں پر کنکٹیویٹی کے مسائل پیدا ہوئے تو وہاں پر نتائج کی ترسیل آف لائن ماڈیولز کے ذریعے ہو گی۔ تمام حلقوں کے پریذائیڈنگ افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فارم۔

45 کی تصویر بنائیں اور اسے اپنے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کو بھجوائیں، ریٹرننگ آفیسر یہ نتائج فارم۔47 پر مرتب کرکے میڈیا کو جاری کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر ریٹرننگ آفیسر کے دفتر کے باہر نتائج شیئر کرنے کیلئے میڈیا وال بنائی گئی ہے جبکہ الیکشن کمیشن کے الیکشن سٹی میں پانچ میڈیا والز بنائی گئی ہیں جہاں پر قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے نتائج مسلسل اپ ڈیٹ کئے جائیں گے۔