فیصل آباد ، عام انتخابات کی پولنگ کے موقع پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں، ترجمان ریجنل پولیس

بدھ 7 فروری 2024 23:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 فروری2024ء) فیصل آباد میں عام انتخابات کی پولنگ کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کیلئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں ، انتہائی حساس قرار دیئے گئے اے کیٹیگری کے پولنگ سٹیشنز پر واک تھرو گیٹس نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ دیگر پولنگ سٹیشنز میں بھی داخل ہونیوالے ووٹرز کی میٹل ڈیٹیکٹرزسے چیکنگ کی جائے گی۔

فیصل آباد ریجنل پولیس کے ترجمان نے بتایا کہ ضلع کے10قومی اور 21صوبائی اسمبلی کے حلقوں کیلئے مجموعی طور پر3687 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 475 پولنگ سٹیشنز کو اے کیٹیگری میں شامل کر کے حساس ترین، 1695کو بی کیٹیگری میں شامل کرتے ہوئے حساس اور 1517 پولنگ سٹیشنز کو سی کیٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

حلقہ این اے95 میں حساس ترین قرار دیئے جانیوالے91 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے96 میں 14 پولنگ سٹیشنز، حلقہ این اے97 میں 71 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے98 میں 30 پولنگ سٹیشنز، حلقہ این اے99 میں 45 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے100 میں 95 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے101 میں 33 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے102 میں 26 پولنگ سٹیشنز،حلقہ این اے103 میں 40پولنگ سٹیشنز اور حلقہ این اے104 میں 30 پولنگ سٹیشنز کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے ڈویژنل کمشنر، ریجنل پولیس آفیسر،ڈپٹی کمشنر، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرزکو ہدایت کی ہے کہ پولنگ کے موقع پر ووٹ ڈالنے کیلئے پولنگ سٹیشنوں پر آنے والے مرد و خواتین ووٹرز کو ہر قسم کا تحفظ فراہم کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات کویقینی بنایاجائے تاکہ ووٹرز خوشگوار و پرسکون ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں۔

ضلع فیصل آبادمیں قومی اسمبلی کے10اورصوبائی اسمبلی کے21 حلقوں میں 52 لاکھ 97ہزار 899ووٹرز اپنا حق راہی استعمال کریں گے۔فیصل آباد کے قو می اسمبلی کے 10حلقو ں میں سب سے زیادہ ووٹ این اے 98سمندری میں 5لاکھ 79ہزار ہیں،یہا ں 3لاکھ 12ہزار مرد اور 2لاکھ 67ہزار خواتین ہیں،سب سے کم ووٹ این اے 99میں ہیں جہاں مجموعی طور پر 4لاکھ 91ہزار 437ووٹر ہیں۔رانا ثنا اللہ کے حلقہ این اے 100میں 5لاکھ 8ہزار ووٹرز ہیں جس میں سے 2لاکھ 74 ہزار مرد اور 2لاکھ 33ہزار خواتین ہیں،این اے101میں 5لاکھ 35ہزار،این اے 102میں 5لاکھ 41ہزار،این اے 103 میں 5لاکھ 44ہزار اور این اے 104میں 5لاکھ 27ہزار ووٹرز ہیں،این اے 95فیصل آباد میں 5لاکھ 14ہزار،این اے 96 میں 5لاکھ 62ہزار اوراین اے 97میں 4لاکھ 91ہزار 504ووٹرز ہیں۔