الیکشن 2024، ملک بھر سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع

مولانا فضل الرحمان 2168 ووٹ لے کر آگے، فیصل کریم کنڈی 2097 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ،علی امین گنڈاپور 2059 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں، ڈی آئی خان میں 15 پولنگ اسٹیشن کا غیرسرکاری غیر حتمی نتیجہ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان جمعرات 8 فروری 2024 17:59

الیکشن 2024، ملک بھر سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔08 فروری2024 ء) ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کا وقت ختم ہوگیا ،تمام پولنگ سٹیشنز کے دروازے مقررہ وقت پانچ بجے بند کر دئیے گئے جبکہ پولنگ سٹیشن کے اندر موجود ووٹروں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دیدی گئی۔الیکشن کمیشن نے اعلان کیاتھا کہ ووٹنگ بڑھانے کی کوئی تجویز زیر غور نہیں ہے ،ووٹنگ کا وقت شام پانچ بجے تک ہی برقرار رکھا گیاہے۔

پولنگ کاوقت ختم ہونے کے بعدتمام پولنگ سٹیشنزمیں گنتی کا عمل شروع کیا گیا۔مختلف پولنگ اسٹیشنز سے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے۔ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ڈی آئی خان میں 15 پولنگ اسٹیشن کا نتیجہ آ گیا ہے جس میں جے یو آئی ف کے مولانا فضل الرحمان 2168 ووٹ لے کر آگے ہیں،پاکستان پیپلز پارٹی کے فیصل کریم کنڈی 2097 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر جبکہ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ علی امین گنڈاپور2059ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر ہیں۔

(جاری ہے)

فیصل آباد کے حلقہ این اے 103 میں سے آزاد امیدوار علی سرفراز 530 لے کر آگے ہیں جب کہ لیگی امیدوار حاجی اکرم انصاری 351 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر ہیں۔خیال رہے کہ ملک بھر میں پولنگ کا عمل مجموعی طور پر پرامن رہا۔ملک کے کسی بھی کونے سے کسی بڑے افسوسناک واقعے کی اطلاعات موصول نہیں ہوئیں۔ الیکشن سے قبل کئی تھریٹ الرٹ جاری کیے گئے تھے اور کہا گیا تھا کہ الیکشن کے دن نہ صرف دہشتگردی کا خطرہ ہے بلکہ کسی معروف سیاستدان کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔

تاہم خوش قسمتی سے ملک بھر میں کوئی افسوسناک واقعہ پیش نہیں آیا۔چند پولنگ اسٹیشنز پر سیاسی جماعتوں کے کارکنان کے درمیان ہاتھا پائی کی اطلاعات ملیں۔تاہم سیکیورٹی کے زبردست انتظامات کی وجہ سے ملک کے کسی کونے میں کوئی ناخوشگوار واقع پیش نہیں آیا۔