عام انتخابات میں شکست،امیر حید رہوتی پارٹی کی سینئر نائب صدرات سے مستعفی

جمعہ 9 فروری 2024 21:11

مردان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 فروری2024ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر نائب صدر امیر حیدر ہوتی نے عام انتخابات میں شکست کے بعد پارٹی کی صدارت سے استعفیٰ دیدیا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر(ایکس)پر اپنے ٹوئیٹ میں رہنمائ عوامی نیشنل پارٹی کا کہنا تھا کہ حلقہ عوام نے مجھ پر اعتماد نہیں کیا، میرے آبائی ضلع مردان کے تمام حلقوں پر اے این پی کی شکست کی ذمہ داری کھلے دل سے تسلیم کرتا ہوں۔

میرے حلقہ اور مردان کے عوام نے اگر ہم پر اعتماد نہیں کیا تو اور اسی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کرتا ہوں اور پارٹی کے ادنیٰ رکن کے حیثیت سے باچاخان کے قافلے کا حصہ رہوں گا۔اپنے ٹوئیٹ میں امیر حیدر ہوتی نے مزید کہا کہ مردان این اے 22 سے نومنتخب ممبرقومی اسمبلی عاطف خان اور نومنتخب رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام خان کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

(جاری ہے)

اب مردان کے عوام کی نمائندگی یہ دونوں اراکین کریں گے اور یہ ہمارے حلقے کے عوام کا حق ہے کہ منتخب نمائندے انکی خدمت کریں۔ عوام کا فیصلہ تسلیم کرتے ہیں۔خیال رہے کہ عام انتخابات میںقومی اسمبلی کے حلقے این اے 22مردان میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوارعاطف خان نے اے این پی کے امیر حیدر ہوتی کو شکست دیدی۔غیرحتمی غیرسرکاری نتائج کے مطابق آزادامیدوار محمد عاطف خان ایک لاکھ 14ہزار 748ووٹ لیکر کامیاب قرار پائے، ان کے مدمقابل اے این پی کے امیر حیدر ہوتی 66ہزار 159ووٹ لے کر دوسرے نمبر پررہے۔