ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرکے سندھ میں پیپلز پارٹی کو نوازا گیا ،علامہ راشد محمود سومرو

نتائج تبدیل کرکے اقتدار کا خواب دیکھنے والوں کیلئے جے یوآئی ڈرانا خواب بن جائے گی ،جنری سیکرٹری جے یوآئی سندھ پیر کے دن صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے تمام ضلعی دفاتر پر احتجاجی دھرنے ہوں گے،الیکشن کمیشن نے نتائج تبدیل کرکے عوام سے بھونڈا مذاق کیا، احتجاجی دھرنوں سے قاری عثمان ، مولانا غیاث، سمیع سواتی ودیگر خطاب

اتوار 11 فروری 2024 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 فروری2024ء) جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے 8 فروری کے انتخابی عمل کو الیکشن کمیشن کا ڈھکوسلہ عمل قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ الیکشن کمیشن کے عملے نے نتائج میں بدترین ہیرپھیر کرکے اس کی شفافیت پر سوالات اٹھادیئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد ، لاڑکانہ، نصیرآباد سکرنڈ، دادو، مٹیاری اور جامشورو میں انتخابی نتائج میں ردوبدل کیخلاف احتجاجی دھرنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا جبکہ کراچی میں حب ریور روڈ ، سہراب گوٹھ اور ملیر میں احتجاجی دھرنوں سے مولانا محمد غیاث، قاری محمد عثمان ،ڈاکٹر نصیر الدین سواتی ،مولانا سمیع الحق سواتی،حاجی امین اللہ، مفتی محمد خالد ،مولانا احسان اللہ ٹکروی،سید اکبر شاہ ہاشمی ،مولانا زرین شاہ،مفتی محمد خالد، مولانا رشید خاکسار ، مولانا عمرصادق ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں جمعیت علمائے اسلام صوبہ سندھ کے امیر مولانا عبدالقیوم ہالیجوی اور صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو کی کال پر اتوار کو علی الصبح جے یوآئی کارکنان نے سندھ کو پنجاب بلوچستان سے ملانے والی قومی شاہراہوں کے 28 مختلف مقامات پر دھرنے دیکر ٹریفک کیلئے بند کردیا تھا جس سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک جام ہوگئی اس موقع پر جے یوآئی کارکنان نے کراچی ، لاڑکانہ اور سکھر ڈویژن میں انتخابی نتائج میں ردوبدل پر الیکشن کمیشن کیخلاف نعرہ بازیاں کیں اور اصل نتائج جاری کرنے کا اعلان کیا ، اس موقع پر جے یوآئی کے تمام حلقوں کے امیدواروں نے خطاب بھی کیا جبکہ عوام کی بڑی تعداد نے ان دھرنوں میں شرکت کی۔

احتجاجی دھرنوں سے علامہ راشد محمود سومرو ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جعل سازی کی بنیادی کسی مینڈیٹ کو سندھ میں تسلیم نہیں کریں گے الیکشن کمیشن کی جانب اعلان کردہ ہمارے امیدواروں کے نتائج فارم 45 سے مطابقت نہیں رکھتے ، یہ نتائج رات کے اندھیروں میں مرتب کرکے ہمارے ساتھ بدترین دھاندلی کی گئی لیکن ہم چور دروازے سے سندھ پر کسی کو اقتدار پر مسلط ہونے نہیں دیں گے ۔

انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام سے خائف قوتیں نوشتہ دیوار پڑھ لیں کراچی سکھر اور لاڑکانہ ڈویژن میں ہمارے مینڈیٹ کو چوری کرکے جیت کا جشن منانا ان کیلئے ڈرانا خواب بنادیں گے۔الیکشن کمیشن اپنا قبلہ درست کرلے ہمارے جیتے ہوئے امیدواروں کے اصل نتائج کا اعلان کیا جائے ، انہوں نے اعلان کیا کہ آج پیر کے دن صوبہ بھر میں الیکشن کمیشن کے تمام ضلعی دفاتر پر احتجاجی دھرنے دیئے جائیں گے ۔