Live Updates

غ*نامزد وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کابینہ کی تشکیل کیلئے مختلف ناموں پر غور

بدھ 14 فروری 2024 19:55

ح*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 فروری2024ء) پنجاب کی پہلی نامزد خاتون وزیراعلیٰ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی سینئر نائب صدر نے صوبے میں کابینہ کی تشکیل کے لیے مختلف ناموں پر غور شروع کردیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی کابینہ میں پنجاب کے مختلف ڈویژنز اور اضلاع سے صوبائی وزراء لئے جانے کا امکان ہے اور نامزد وزیراعلیٰ پہلے مرحلے میں 25 سے 30 رکنی کابینہ بنانے پر غور کر رہی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزرا میں مریم اورنگزیب اور ملک احمد خان کے ناموں پر مشاورت ہوگئی، اس کے علاوہ رانا اقبال، خواجہ سلمان رفیق اور خواجہ عمران نذیر کے ناموں پر غور کیا گیا۔ نامزد وزیراعلیٰ کی جانب سے اپنی کابینہ کے لیے فیصل کھوکھر، یاور زمان، بلال یاسین، مجتبیٰ شجاع الرحمان، ذکیہ شاہنواز، عظمیٰ بخاری، حنا پرویز بٹ کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن) کے متحرک رہنما رانا مشہود اور پیر اشرف رسول کو مشیر یا معاون خصوصی بنائے جانے کا امکان ہے۔ پنجاب کی صوبائی کابینہ کے ناموں کی حتمی منظوری مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف اور پارٹی صدر شہباز شریف دیں گے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) کی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے گزشتہ روز اعلان کیا تھا کہ نواز شریف نے مریم نواز کو وزیراعلیٰ پنجاب بنانے کی منظوری دی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات