پی ٹی آئی والوں نے پی ٹی آئی نظریاتی خریدنے کی آفر کی، میں نے پیشکش ٹھکرا دی

عمر ایوب، شبلی فراز اور فردوس شمیم نے آفر کی کہ پارٹی فروخت کرکے دبئی چلے جائیں، یہ ٹکٹیں بیچتے رہے اور ووٹ خریدتے رہے، میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں چوروں کا چیئرمین نہیں بنا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نظریاتی اختراقبال ڈار کی نیوزکانفرنس

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 15 فروری 2024 19:34

پی ٹی آئی والوں نے پی ٹی آئی نظریاتی خریدنے کی آفر کی، میں نے پیشکش ٹھکرا ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 15 فروری 2024ء) پاکستان تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختراقبال ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والوں نے پی ٹی آئی نظریاتی خریدنے کی آفر کی، میں نے پیشکش ٹھکرا دی، یہ ٹکٹیں بیچتے رہے اور ووٹ خریدتے رہے، میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں چوروں کا چیئرمین نہیں بنا۔ انہوں نے لاہورپریس کلب میں نیوزکانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی والے الزامات کی سیاست کرتے ہیں، پی ٹی آئی والے ایک بار پھر ہمارے پاس آئے تھے، میں آج بھی شفافیت کے نظریے پر کھڑا ہوں، ہم حق اور سچ کی بات کرنے والے لوگ ہیں، عوام کو چاہیے خدمت کرنے والے نمائندوں کا انتخاب کریں۔

اختر ڈار نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے پاکستان تحریک انصاف نظریاتی خریدنے کی آفر کی،میں نے پی ٹی آئی کی انتخابات سے پہلے بھی اور اب انتخابات کے بعد بھی پیشکش ٹھکرا دی ہے ۔

(جاری ہے)

مجھے کہا گیا کہ پارٹی ہمیں بیچ دیں، پارٹی ہمارے حوالے کریں اور دبئی چلے جائیں،عمر ایوب، شبلی فراز اور فردوس شمیم نے آفر کی کہ پارٹی فروخت کرکے دبئی چلے جائیں، میرا ضمیر مطمئن ہے کہ میں چوروں کا چیئرمین نہیں بنا۔

یہ ٹکٹیں بیچتے رہے اور ووٹ خریدتے رہے، یہ کس طرح شفافیت لائیں گے؟ پاکستان تحریک انصاف نظریاتی چاہتی ہے کہ پیسے کی سیاست کا خاتمہ ہوجائے۔الیکشن کمیشن کو طاقتور بنایا جائے، ای وی ایم کے ذریعے الیکشن کرائیں۔ دوسری جانب اے آروائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے مرکزی رہنماء بیرسٹر گوہر علی خان کی قیادت میں پی ٹی آئی کا 5 رکنی وفد آج رات کو سربراہ جے یوآئی(ف) مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کرے گا۔

وفد اسد قیصر، بیرسٹر سیف، اخوند زادہ حسین احمد ودیگر شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی قیادت نے جمیعت علماء اسلام کی قیادت سے رابطہ بھی کیا ہے، سابق اسپیکر اسد قیصر نے مولانا فضل الرحمان کو ٹیلی فون کیا اور ان سے ملاقات کا وقت لیا۔ یاد رہے گزشتہ روز سربراہ جےیوآئی ف مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارے اختلافات رہے ہیں، پوشیدہ نہیں ہے، ایوان تو سب کا ہوتا ہے، پی ٹی آئی کے ساتھ ہمارا جسموں کا نہیں دماغوں کا جھگڑا ہے جلد ٹھیک ہوجائے گا۔