حکومت سازی ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کاآج ہونے والا اجلاس ملتوی

ن لیگ کی جانب سے ابھی تک کسی نتیجے پر نہ پہنچنے اور اعلیٰ قیادت سے مشاورت نہ ہونے کے باعث اجلاس ملتوی کیا گیا ہے

Faisal Alvi فیصل علوی جمعہ 16 فروری 2024 16:03

حکومت سازی ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کاآج ہونے ..
لاہور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔16 فروری2024 ء) عام انتخابات کے بعد وفاق اور پنجاب میں حکومت سازی کیلئے پاکستان مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کی کوآرڈینیشن کمیٹیوں کے درمیان آج ہونے والا اجلاس ملتوی کر دیا گیا ،آج ہونے والے اجلاس میں دونوں جماعت کی جانب سے حکومت سازی کیلئے سفارشات سمیت دیگر اہم معاملات کو حتمی شکل دیا جانا تھا لیکن مسلم لیگ ن کی جانب سے ابھی تک کسی نتیجے پر نہ پہنچنے اور اپنی اعلیٰ قیادت سے مشاورت نہ ہونے کے باعث اجلاس کو ملتوی کیا گیا ہے ۔

یہ بھی بتایا گیا ہے کہ حکومت سازی کے معاملے پر حتمی مشاورت کیلئے دونوں جماعتوں کی کوآرڈی نیشن کمیٹیوں کا مشترکہ اجلاس اب کل منعقد ہوگا جس میں وفاق اورپنجاب میں حکومت کی تشکیل سمیت مختلف امور کو طے کیا جائیگا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ 8 فروری کو ہونے والے انتخابات کے بعد وفاق سمیت پنجاب میں حکومت سازی کیلئے مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کے درمیان معاملات کو طے کرنے کیلئے کوآرڈی نیشن کمیٹی تشکیل دی گئی تھی جس کے مشترکہ اجلاس کے دو دور ہو چکے تھے۔

اجلاس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سینیٹر اسحاق ڈار، سردار ایاز صادق، سینیٹر اعظم نذیر تارڑ، ملک محمد احمد خان جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کی طرف سے سید مراد علی شاہ، قمر زمان کائرہ، سعید غنی، سردار بہادر خان سیہڑ، ندیم افضل چن اور شادی خان شریک ہوئے تھے۔دوسرے دور کے اجلاس میں حکومت سازی کیلئے مختلف پہلوﺅں پر غور کیاگیا جبکہ حکومت سازی کے حوالے سے اجلاس کے دوسرے دور میں طے پایا تھاکہ دونوں کمیٹیوں کے نمائندگان اپنی اپنی سیاسی قیادت سے مشاورت کے بعد تیسرا راﺅنڈ منعقد کریں گے جس میں سفارشات کو حتمی شکل دی جا سکے گی۔