2018 اور 2024 کے انتخابات میں سندھ کا سودا ہوا، فہمیدہ مرزا

موجودہ الیکشن اور الیکشن کمیشن نا منطور ، دھاندلی کے خلاف جدوجہد جاری رکھیں گے ، دھرنے سے خطاب

جمعہ 16 فروری 2024 22:51

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 فروری2024ء) گرینڈ دیموکریٹک الائنس کی رہنما فہمیدہ مرزا نے کہا ہے کہ 2018 اور 2024 کے انتخابات میں سندھ کا سودا ہوا ہے۔ مبینہ دھاندلی کے خلاف جی ڈی اے کی جانب سے جامشورو میں جاری دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہر جماعت 2 دن میں پیدل قافلوں کی صورت میں یہاں پہنچی ہے، یہ لوگ کسی اے ٹی ایم کے پیسے پر نہیں اپنے جذبے پر یہاں پہنچے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی نہیں ہوئی، عوام کے حق پر ڈاکا مارا گیا ہے۔ فہمیدہ مرزا نے عوام کے حقوق پر ڈاکا ڈالنے والوں کے خلاف آرٹیکل سکس لگانے کا بھی مطالبہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بتایا جائے عوام کے حقوق غصب کرنے کی کیا قیمت لگائی گئی۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے عوام کو حق ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،آج بچے بچے کی زبان پر دھاندلی کا تذکرہ ہے، آپ پر انگلیاں اٹھ رہی ہیں، اب سندھ کے عوام چپ نہیں رہیں گے، چاہتے ہیں سندھ میں ان تمام جماعتوں کا اتحاد بنے جن کیساتھ دھاندلی ہوئی ہے، ہم حقیقی جمہوریت کیلیے جدو جہد کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا والوں کو مبارکباد دینا چاہتی ہوں وہ اپنے مؤقف پر کھڑے رہے، ہم جمہوریت کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے، ہمیں موجودہ الیکشن کمیشن اور الیکشن نامنظور ہے۔