پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چوہدری اسلم گل کا استعفیٰ منظور

پیر 19 فروری 2024 22:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 فروری2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے پارٹی لاہور کے صدر چوہدری اسلم گل کا استعفیٰ منظور کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ چوہدری اسلم گل نے حالیہ الیکشن میں مطلوبہ نتائج فراہم نہ کرنے پر اپنے عہدے سے ایک ہفتہ قبل استعفیٰ دے دیا تھا جسے گزشتہ روز منظور کر لیا گیا۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے لاہور اور پنجاب کی موجودہ پارٹی تنظیمیں ختم کر کے تنظیم نو کا فیصلہ کیا ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق پنجاب اور لاہور کی تنظیموں کو یونین کونسل کی سطح تک منظم کیا جائے گا اور پارٹی تنظیموں کے عہدوں پر مضبوط پارٹی رہنما تعینات کیے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے پارٹی کی تنظیم سازی کے بعد بھی لاہور میں ڈیرے ڈالنے کا فیصلہ کیا ہے۔