یو ای ٹی لاہورمیں 10ویں سالانہ کیریئرفیئر2024 کا انعقاد

کمپنیوں نے 187اسٹالز لگائے، طلبا کیلئے آن سپاٹ ٹیسٹ، انٹرویو اور اوینٹیشن سیشنز کا انعقاد کیا

جمعرات 22 فروری 2024 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 فروری2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے سالانہ کیریئر فیئر 2024کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد طلبا کو موثر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ کمپنیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کرنا تھا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے تقریب کا افتتاح کیا اور کنوینر کیریئر فیئر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان اور کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر کے ہمراہ کمپنیوں/انڈسٹریز کے تمام سٹالز کا دورہ بھی کیا۔

یو ای ٹی لاہور گزشتہ 9 سالوں سے اس سالانہ کیرئیر فیئر کا انعقاد کر رہی ہے۔ سال 2015میں کیرئیر فیئر کا آغاز 20صنعتوں کے 20اسٹالز سے ہوا۔ اسٹالز کی تعداد 2016میں 65، 2017 میں 100اور 2019میں 114تھی۔

(جاری ہے)

2020سے 2023تک یہ بالترتیب 130، 111، 161اور 175اسٹالز تک پہنچ گئی۔ اس سال تقریباً 121 صنعتوں نے 187اسٹالز کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لیا۔ یہ کمپنیاں سافٹ وئیر اور آئی ٹی، کیمیکل اور پولیمر، ٹیکسٹائل، کنسٹرکشن، مکینیکل، اسٹیل، ایجوکیشنل کنسلٹنٹ وغیرہ سے تعلق رکھتی تھیں۔

مختلف انڈسٹریز نے انٹرویوز، ٹیسٹ اور اورینٹیشن سیشنز کا انعقاد کیا اور طلبا کو موقع پر ہی ملازمت کی پیشکش بھی کی۔ تقریباً 15000طلبا نے اسٹالز کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے چیئر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان، کو چیئر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، سٹاف اور طلبا سمیت آرگنائزنگ ٹیم کے دیگر ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکت کرنے والی کمپنیوں اور منتظمین کو سووینئرز پیش کیے گئے۔