یو ای ٹی لاہور میں 10 ویں سالانہ کیریئر فیئر 2024 کا انعقاد

121کمپنیوں نے 187 اسٹالز لگائے، طلباء کیلئے آن سپاٹ ٹیسٹ، انٹرویو اور اوینٹیشن سیشنز کا انعقاد کیا

جمعرات 22 فروری 2024 22:13

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2024ء) یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی لاہور نے سالانہ کیریئر فیئر 2024 کا انعقاد کیا۔ جس کا مقصد طلباء کو مؤثر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ موجودہ کمپنیوں کے ساتھ اپنی شراکت داری کو مضبوط کرنا تھا۔ وائس چانسلر یو ای ٹی لاہور پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے تقریب کا افتتاح کیا اور کنوینر کیریئر فیئر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان اور کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر کے ہمراہ کمپنیوں/انڈسٹریز کے تمام سٹالز کا دورہ بھی کیا۔

یو ای ٹی لاہور گزشتہ 9 سالوں سے اس سالانہ کیرئیر فیئر کا انعقاد کر رہی ہے۔ سال 2015 میں کیرئیر فیئر کا آغاز 20 صنعتوں کے 20 اسٹالز سے ہوا۔ اسٹالز کی تعداد 2016 میں 65، 2017 میں 100 اور 2019 میں 114 تھی۔

(جاری ہے)

2020 سے 2023 تک یہ بالترتیب 130، 111، 161 اور 175 اسٹالز تک پہنچ گئی۔ اس سال تقریباً 121 صنعتوں نے 187 اسٹالز کے ساتھ ایونٹ میں حصہ لیا۔ یہ کمپنیاں سافٹ وئیر اور آئی ٹی، کیمیکل اور پولیمر، ٹیکسٹائل، کنسٹرکشن، مکینیکل، اسٹیل، ایجوکیشنل کنسلٹنٹ وغیرہ سے تعلق رکھتی تھیں۔

مختلف انڈسٹریز نے انٹرویوز، ٹیسٹ اور اورینٹیشن سیشنز کا انعقاد کیا اور طلبا کو موقع پر ہی ملازمت کی پیشکش بھی کی۔ تقریباً 15000 طلباء نے اسٹالز کا دورہ کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر حیات نے چیئر پروفیسر ڈاکٹر نوید رمضان، کو چیئر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی قیصر، سٹاف اور طلباء سمیت آرگنائزنگ ٹیم کے دیگر ممبران کی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے اختتام پر شرکت کرنے والی کمپنیوں اور منتظمین کو سووینئرز پیش کیے گئے۔