کے جی ڈی اے، جے یو آئی، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی دھرنے دیکر اپنا وقت ضائع نہ کریں اور اگلے انتخابات کا انتظار کریں، نثارکھوڑو

ہفتہ 24 فروری 2024 22:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 فروری2024ء) پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو نے کہا ہے کے جی ڈی اے، جے یو آئی، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی دھرنے دیکر اپنا وقت ضائع نہ کریں اور اگلے انتخابات کا انتظار کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو سندھ اسمبلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کے دھرنوں کی سیاست نے ملک کو نقصان پہنچایا ہے، پیپلز پارٹی کا مینڈیٹ فارم 45 پر مبنی ہے اس لئے پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر اعتراض کرنے اور دھاندھلی کے الزامات لگانے والے عدالتوں میں ثبوت پیش کریں۔

نثار کھوڑو نے کہا کہ احتجاج کرنے والے عوام کی بے عزتی کر رہے ہیں اس لئے جن جماعتوں کو عوام نے رد کیا ہے تو دھرنے دے کروہ عوام کی بے عزتی مت کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جو لوگ پیپلز پارٹی کے مینڈیٹ پر ناخوش ہیں وہ دراصل عوام سے ناخوش ہیں اور پی پی پی مخالف جماعتوں کے دھرنے اور احتجاج بلاجواز ہے۔ انہوں نے کہا کہ دھرنوں کی سیاست اور افراتفری ملک اور سیاست کو کمزور کرے گی اور دھرنے دینے اور احتجاج کرنے سے عوام کی زندگی متاثر ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ اسمبلی نے پاکستان بنایا اور سندھ اسمبلی پاکستان بچانے کے لئے کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پہلے بھی یہ جماعتیں اتحاد کرنے کے باوجود 5 یا 6 نشستوں سے زیادہ نہیں جیت سکی ہیں جبکہ جے یو آئی تو سندھ میں کبھی جیتی ہی نہیں ہے اور بڑے پیر پگاڑا مرحوم بھی انتخابات میں ہارتے رہتے تھے۔ نثار کھوڑو نے کہا کہ ملک بھر میں جمہوری حکومتیں وجود میں آ رہی ہیں، پارلیمنٹ اور اسمبلیاں وجود میں ہونگی تو جمہوریت رائج ہوگی اور جمہوریت ہی مسائل کا حل ہے کیونکہ ملک غیر جمہوری نظام کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان سندھ اسمبلی کے رکن کا حلف اٹھانا چاہتے ہیں تو آئیں حلف اٹھائیں اور دھرنوں کے بجائے اسمبلی میں آواز اٹھائیں۔ انہوں نے کہا کہ حلف اٹھانے پر پوری سندھ اسمبلی کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا پارلیمنٹ اور جمہوری حکومت کو وجود میں لانے کے لئے پیپلز پارٹی نے وفاق میں کردار ادا کیا ہے کیونکہ وفاق میں کوئی بھی جماعت اکیلے حکومت نہیں بنا سکتی تھی جس وجہ سے کردار ادا کیا تاکہ دوبارہ انتخابات نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری حکومتیں اپنی آئینی مدت پوری کرینگی۔#