سندھ ہائی کورٹ ،گمشدہ شہریوں کی تصاویر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کرنے کی ہدایت

عدالت عالیہ کاکم سن لڑکااورلڑکی سمیت 20 سے زائد لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پرملک کی جیلوں،حراستی مراکز اور تمام اداروں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کابھی حکم ، مزید سماعت 4 ہفتوں تک ملتوی

پیر 26 فروری 2024 16:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 فروری2024ء) سندھ ہائی کورٹ نے کم سن لڑکااورلڑکی سمیت 20 سے زائد لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پرملک کی جیلوں،حراستی مراکز اور تمام اداروں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے مزیدسماعت 4ہفتوں تک کے لیے ملتوی کردی ہے ۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں کمسن لڑکااور لڑکی سمیت دیگر لاپتا شہریوں کی بازیابی سے متعلق درخواستوں پر سماعت ہوئی۔

دوران سماعت تفتیشی افسر نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ کچھ لاپتا شہری ازخود روپوش ہوگئے ییں۔بعض افراد کا تعلق لیاری گینگ وار اور ذاتی دشمنی کی بیناد پر بھی غائب ہیں۔تفتیشی افسر نے بتایا کہ جے آئی ٹیز اور صوبائی ٹاسک فورس کے اجلاس ترجیحی بنیادوں پر ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

سرکاری وکیل نے موقف اختیار کرتے ہوئے بتایا کہ جن لاپتا افراد کی جبری گمشدگی ثابت ہوئی ہے انہیں سندھ حکومت نے معاوضہ بھی دیا یے۔

جبران ناصر ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ رپورٹس میں 2019 میں تسلیم کیا گیا تھا جبری گمشدگی ہے۔اگر جبری گمشدگی ہے تو گمشدہ شہری کس کے پاس ہی یہ تو بتایا جائے۔وکیل درخواست گزار نے بتایا کہ شہری کے دو بھائیوں کو قتل کردیا گیا اب کہا جارہا ہے اس کا تعلق لیاری گینگ وار سے تھا۔شہری کے بھائی نے موقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ عدالت نے 8 برسوں میں جو حکم نامے جاری کیے ان پر عملدرآمد نہیں کیا گیا ۔

عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ لاپتا افراد مطلوب ہیں یا ازخود غائب ہوگئے ہیں انہیں تلاش کرکے عدالت میں پیش کیا جائے۔عدالت نے ملک کی جیلوں،حراستی مراکز اور تمام اداروں سے رپورٹس حاصل کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔عدالت نے گمشدہ افراد کی ٹریول ہسٹری بھی پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔عدالت نے وفاقی سیکرٹری داخلہ،سیکرٹری دفاع اور دیگر کو بھی رپورٹس پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

اس دوران دیگر گمشدہ افراد کے اہل خانہ کمرہ عدالت میں زاروقطار روتے رہے۔عدالت نے لاپتا تانیہ،سمیر،فرحان،ندیم،یوسف،نسیم و دیگر کی بازیابی کے لئے کارروائی تیز کرنے کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے گمشدہ شہریوں کی تصاویر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پر شائع کرنے کی ہدایت کردی۔عدالت نے درخواستوں کی مزید سماعت 4 ہفتوں تک ملتوی کری۔