Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کیلئے بہترین ترجیحات کا اعلان کیا ہے،چوہدری محمد اکرام

جمعرات 29 فروری 2024 21:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 فروری2024ء) سابق ایم پی اے و سٹی صدر مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ چوہدری محمد اکرام نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام کی فلاح و بہبود اور صوبے کی ترقی کیلئے بہترین ترجیحات کا اعلان کیا ہے ،ہم امید کرتے ہیں کہ مریم نواز صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن کو بھی ساتھ لیکر چلیں گی ،اپوزیشن نے وزیر اعلیٰ کے انتخاب کے موقع پرغیر جمہوری رویے کا اظہار کیا، میاں محمد نواز شریف اور سابق خاتون اوّل کلثوم نواز کی جدوجہد اور تربیت کا عکس مریم نواز میں نظر آ رہا ہے ، امید ہے کہ محترمہ مریم نواز شریف پنجاب کے کاروباری حلقوں کے جذبات کی ترجمان بنیں گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رابطہ آفس میں علاقہ معززین سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

چوہدری محمد اکرام نے مریم نواز کو وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نواز شریف کی گذشتہ چند سالوں میں سیاسی جدوجہد تاریخ سنہرے حروف میں لکھے گی ۔ مسلم لیگ ن کے قائد اور عظیم رہبر میاں نواز شریف کی دلیر بیٹی اپنے والدمحترم کے نقش قدم پر گامزن ہیں ۔مسلم لیگ ن نے ہر مشکل دور میں جب بھی گورنمنٹ ملی ملک کو مشکل وقت سے نکالا۔ مریم نواز پنجاب اور شہباز شریف وفاق میں نواز شریف کی قیادتِ میں ملک کیلئے بہترین کام کریں گے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات