علی امین سوانحی خاکہ، بااثر زمیندارگھرانے سے تعلق ،2013 میں پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی

جمعہ 1 مارچ 2024 15:18

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) خیبرپختونخواکے نومنتخب وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور70ءکی دہائی میں صوبے کے جنوبی ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کی تحصیل کلاچی کے ایک بااثر زمیندارگھرانے میں پیداہوئے، علی امین گنڈا پور نے ابتدائی تعلیم سینٹ ہیلن ہائی سکول ڈیرہ اسماعیل خان میں حاصل کی اور پھر وہ پولیس پبلک سکول پشاور آ گئے تھے علی امین سکواش کے اچھے کھلاڑی تھے اور مختلف ٹورنامنٹس میں حصہ لے چکے تھے۔

انھوں نے بی اے آنرز گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان سے کیا۔ علی امین اور ان کے بھائی سپورٹس اور ماڈلنگ میں بھی دلچسپی رکھتے تھے۔ انہوں نے لاہور کے نیشنل کالج آف آرٹس سے فیشن ڈیزائننگ اور ٹیکسٹائل ڈیزائننگ میں دو سالہ ڈپلومہ لیا ۔سیاست میں ان کی دلچسپی اس وقت شروع ہوئی جب ان کے والد میجر ریٹائرڈ امین اللہ کو سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں صوبائی وزیر مقرر کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

علی امین گنڈا پور 2008 انتخابات سے پہلے عدلیہ کے آزادی کیلئے احتجاجی مظاہروں کے دوران بانی پی ٹی آئی کے خاصے قریب آگئے۔ انہوں نے سنہ 2013 کے انتخابات سے قبل پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کی تھی۔ سنہ 2013 کے انتخابات میں علی امین گنڈا پور ڈیرہ اسماعیل خان سے صوبائی نشست پر منتخب ہوئے ۔وہ اپنے لمبے بالوں اور بڑی مونچھوں کے علاوہ اپنے قد و قامت کی وجہ سے میڈیا کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

علی امین گنڈا پور 2013 میں صوبائی اسمبلی کی نشست پر کامیاب ہونے کے بعد وزیر مالیات رہے تھے جبکہ 2018 کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد وزیر برائے امور کشمیر اور گلگت بلتستان رہے اور اس دوران انہوں نے گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے امور پر کام کیا،علی امین نے منتخب ہونے کے بعد اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں اور لوگوں کے مسائل کے حل کی طرف بھرپور توجہ دی جس وجہ سے وہ علاقے میں مقبولیت حاصل کرتے رہے۔

وہ 2022 سے 2023 تک پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری رہے اور گزشتہ 7 ماہ سے پارٹی صدر ہے۔ انہوں نے پارٹی کو مشکل ترین حالات میں منظم کیا ۔سال2024کے عام انتخابات میں علی امین گنڈاپوراین اے44اورپی کے113کی دونشستیں جیت گئے تھے۔ انہوں نے این اے44پرایک بار پھرمولانافضل الرحمن کوشکست دی ان کے بھائی فیصل امین گنڈا پور سابق وزیر اعلی محمود خان کے کابینہ میں شامل تھے۔ علی امین گنڈاپور کے تیسرے بھائی عمر امین گنڈاپور تحصیل میئر ہیں۔