ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، تمام بڑی سیاسی جماعتیں مل کر سنگین معاشی بحران سے ملک کو نکالیں، ڈاکٹر فاروق ستار

جمعہ 1 مارچ 2024 23:01

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 مارچ2024ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کیلئے سیاسی استحکام ضروری ہے، تمام بڑی سیاسی جماعتیں مل کر سنگین معاشی بحران سے ملک کو نکالیں۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں نکتہ اعتراض پر فاروق ستار نے کہا کہ وہ نئے سفر کی شروعات پر سب کو مبارکباد دیتے ہیں، ہمیں امید ہے کہ نو منتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر متانت، سنجیدگی اور دانشمندی سے ہائوس کو چلائیں گے، انہوں نے کہا کہ غربت اور بیروزگاری ملک کو درپیش بڑے مسائل ہیں، قوم کو ایک معاشی بحران کا سامنا ہے اس بحران کے حل کیلئے سیاسی استحکام اشد ضروری ہے، میں تینوں بڑی سیاسی جماعتوں سے یہ امید رکھتا ہوں کہ وہ ملک کو سنگین معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے مل کر کام کرینگے۔

(جاری ہے)

فاروق ستار نے کہا کہ سیاسی اختلافات ہوتے رہتے ہیں تاہم پارلیمان کو آگے چلانے کیلئے راستے نکالنے چاہئیں، اگر انتخابی عمل میں کوئی بنیادی مسئلہ ہے تو اس کو مل کر حل کیا جانا چاہئے، ساٹھ سال مضبوط مرکز کے ٹرک کے پیچھے قوم کو لگایا گیا، اس کے بعد اٹھارویں ترمیم آئی تو مضبوط صوبوں کی بات کی گئی، مگر عوامی مسائل ابھی بھی موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور ایم کیو ایم نے مضبوط بلدیاتی اداروں کیلئے قانون سازی کے ضمن میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ بااختیار مقامی اداروں کیلئے قانون سازی میں تمام سیاسی جماعتوں کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔