خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،آزاد جموں کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب میں 12 سے 24 گھنٹوں میں معتدل بارش، برفباری، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان ،این ڈی ایم اے نے ایڈوائزری جاری کر دی

ہفتہ 2 مارچ 2024 22:26

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 مارچ2024ء) نیشنل ایمرجنسیز آپشرین سینٹر کی اپڈیٹ کے مطابق موجودہ بارشوں کا سسٹم بلوچستان اور سندھ میں کمزور ہو نے کا امکان ہے،البتہ اگلے 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران، خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان،آزاد جموں کشمیر، بالائی اور وسطی پنجاب میں معتدل بارش، برفباری، گرج چمک اور ژالہ باری کا امکان موجود رہے گا جبکہ ایک اور مغربی ہوائوں کے زیر اثرنیا بارشوں کا سلسلہ 5 مارچ سے7 مارچ کے دوران بلوچستان، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان، بالائی پنجاب اور ممکنہ طور پر جنوبی پنجاب کو متاثر کر سکتا ہے۔

ہفتہ کی شام 6 بجے نیشنل ایمرجنسیز آپشرین سینٹر کی اپڈیٹ میں کہا گیا ہے کہ اس دوران شمال مغربی سندھ میں بھی بارشوں کا امکان ہے ۔

(جاری ہے)

ان بارشوں کے باعث بلوچستان کے علاقے تربت، گوادر، کیچ، چاغی، مستونگ، پشین اور قلعہ عبداللہ متاثر ہو سکتے ہیں۔ این ڈی ایم اے نے تما م متعلقہ اداروں کو ایڈوائزری جاری کر دی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے عملے اور سامان کی پیشگی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔ این ڈی ایم اے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ رابطے میں ہے اور صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے، مسافروں اور سیاحوں سے گزارش ہے کہ وہ سیلابی اور لینڈ سلائیڈنگ والے علاقوں میں جانے سے پرہیز کریں۔عوام موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں۔