رینجرزاور پولیس کی مشترکہ کارروائی ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث دورکنی ڈکیت گروہ گرفتار

پیر 4 مارچ 2024 15:19

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 مارچ2024ء) پا کستان رینجرزسندھ اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے سرجانی ٹائون سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث دورکنی ڈکیت گروہ کو گرفتارکر لیاہے۔ ڈکیت گروہ ملزمان گلزار علی اور مشتاق احمد پرمشتمل ہے۔ابتدائی تفتیش کے دوران ملزمان نے سرجانی ٹائون کے مختلف علاقوں میں ڈکیتی کی متعدد وارداتوں میں راہ چلتے شہریوں اور مختلف دکانوں سے اسلحہ کے زور پر نقدی اور موبائل فونز چھیننے کا اعتراف کیا ہے۔

ملزمان کا دو رکنی گروہ پیشہ ور ڈکیتوں پر مشتمل ہے جن کا سرغنہ گلزار علی ہے۔ملزمان کے خلاف پولیس تھانوں میں پہلے بھی کئی مقدمات درج ہیں۔انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر رینجرز اور پولیس نے سرجانی ٹائون میں اسپیشل اسنیپ چیکنگ کے دوران ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

(جاری ہے)

دوران چیکنگ ملزمان کے قبضہ سے چھینے ہوئے موبائل فونز، موٹر سائیکل اور ایک عددغیر قانونی اسلحہ30 بور بمعہ3 عدد رائونڈ برآمد ہوئے۔

گرفتارملزمان کو بمعہ اسلحہ،ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کاروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔رینجرزنے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101 یا رینجرز مددگار وٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔