ایمریٹس کا اسلام آباد میں آپریشنز کے 25 سال کی تکمیل پر فلاحی ادارہ سے اشتراک

ایس او ایس چلڈرنز ویلیج اسلام آباد میں ایمریٹس کی ٹیم نے یتیم بچوں، نگرانوں میں کمبل تقسیم کئے

پیر 4 مارچ 2024 16:43

ایمریٹس کا اسلام آباد میں آپریشنز کے 25 سال کی تکمیل پر فلاحی ادارہ سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2024ء) ایمریٹس ایئرلائن اسلام آباد میں اپنے آپریشنز کے 25 سال کی تکمیل پر فلاحی ادارہ ایس او ایس چلڈرنز ولیج اسلام آباد کے ساتھ مل کر مقامی کمیونٹی کے بچوں کی مدد کے لیے سامنے آئی ہے ۔ ایئر لائن نے یتیم طلباء اور ان کے سرپرستوں کو کمبل کی فراہمی کے لئے فلاحی ادارہ کے ساتھ اشتراک کیا ہے جنہیں اس ٹھنڈے موسم میں کمبلوں کی اشد ضرورت ہے۔



ایمریٹس کے ریجنل منیجر پاکستان سلیم المنا کی زیر قیادت اور انکی مقامی سیلز ٹیم کے ارکان کے زیر اہتمام ایمریٹس کا فلاحی اقدام سرانجام دیا جا رہا ہے جس سے ایئر لائن کی جانب سے مقامی آبادی کو اسی جگہ پر کچھ واپس لوٹانے کی اقدار کی عکاسی ہوتی ہے جہاں وہ کاروباری طور پر سرگرم ہے۔

(جاری ہے)



اسلام آباد میں اس یتیم خانے کے احاطے میں وہاں کی انتظامیہ کو کمبل عطیہ کرنے کے علاوہ ایمریٹس کی ٹیم نے بچوں کے ساتھ بہترین وقت گزارا، جس کے دوران دلچسپ سرگرمیاں سرانجام دی گئیں اور مثبت کردار کی حامل متاثر کن کہانیاں سامنے لائی گئیں۔

ایس او ایس چلڈرن ولیج اسلام آباد جیسی تنظیموں کے ساتھ شراکت داری کے ذریعے ایمریٹس مستحق بچوں کی خدمت کرنے اور ان کے معاون افراد کا دست و بازو بننے سے متعلق اپنی اقدار کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔

سلیم المنا نے کہا، ''ہم نہ صرف سامان فراہم کرنے پر یقین رکھتے ہیں بلکہ ذاتی روابط کو پروان چڑھانے اور حوصلہ افزائی پر بھی یقین رکھتے ہیں۔

ہماری ٹیم کو ایس او ایس چلڈرنز ولیج اسلام آباد کے بچوں کے ساتھ وقت گزارنے، اور ثابت قدمی، جرات و عزم کی کہانیاں سامنے لانے کا موقع ملا۔ ایمریٹس اس بات پر مشکور ہے کہ اسے بچوں میں کچھ خوشیاں بانٹنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ یہ ہم سب کے لئے ایک بہترین تجربہ تھا۔''

ایس او ایس چلڈرن ولیج ایک غیر منافع بخش تنظیم ہے جو یتیم اور لاوارث بچوں کو ایک پیار بھرا گھر اور خاندان جیسا ماحول فراہم کرنے کے لئے سرگرم ہے۔

ایمریٹس کی جانب سے عطیہ شدہ کمبل بلاشبہ انکی دیکھ بھال بالخصوص موسم سرما کے سخت مہینوں میں بچوں کے آرام کا باعث ہوں گے۔

ایمریٹس سال 1985 سے پاکستان میں کام کر رہا ہے اور جب ایئر لائن کا آغاز ہوا تو کراچی اس کی پہلی منزل تھی۔ ایمریٹس اس وقت پاکستان میں پانچ مقامات کو دبئی سے جوڑنے کے لئے ہفتہ وار 53 پروازیں چلا رہا ہے، جو مسافروں کو براستہ دبئی دنیا بھر کے 140 سے زائد شہروں سے باآسانی جوڑتا ہے۔

مسافروں کی وسیع اقسام کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے ایمریٹس طیارے میں ان کے ذائقے کے مطابق علاقائی طور پر مشہور کھانے پیش کرنے کے ساتھ ساتھ اردو زبان میں فلمیں اور دیگر مواد سے محظوظ ہونے کا موقع بھی فراہم کیا جاتا ہے، جنہیں ایئرلائن کے ایوارڈ یافتہ ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ سسٹم آئس پر 6500 چینلز میں دکھایا جاتا ہے۔