Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کی ہدایات پر نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع بھر میں راشن ڈیلیوری کا آغاز کردیا گیا ،ڈپٹی کمشنر

منگل 5 مارچ 2024 19:09

گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 مارچ2024ء) ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر نگہبان رمضان پیکج کے تحت ضلع بھر میں راشن ڈیلیوری کا آغاز کردیا گیا ہے، 20 مارچ تک تصدیق شدہ مستحق افراد کے گھر راشن ڈیلیوری کا عمل مکمل کرلیا جائے گا، راشن عزت و احترام کے ساتھ ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں مستحق افراد کی دہلیز پر پہنچائیں گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ساروکی میں راشن ڈیلیوری کے آغاز کے موقع پر کیا۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خضر حیات بھٹی، اسسٹنٹ کمشنر گجرات حیدر عباس اور ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ محمود اقبال گوندل اس موقع پر موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر صفدر حسین ورک نے کہا کہ مستحق افراد کی تصدیق کا عمل جاری ہے، حکومت پنجاب کی طرف سے فراہم کردہ 97021 خاندانوں کو راشن فراہم کیا جائے گا ، اشیاء کی خریداری اور پیکنگ میں معیار اور مقدار کا خاص خیال رکھا جارہا ہے، راشن میں 10 کلو آٹا، دو کلو چینی، دو کلو بیسن، دو کلو گھی اور دوکلو چاول شامل ہیں، تمام اشیاء کی پنجاب فوڈ اتھارٹی سے ٹیسٹنگ کروائی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نگہبان راشن پروگرام کے تحت مستحقین کا حق ان کی دہلیز پر پہچانے کے لیے بہترین اقدامات کیے گئے ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز تمام تر معاملات کی نگرانی کریں، کسی قسم کی کوتاہی، معیار اور مقدار میں کمی برداشت نہیں کی جائے گی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات