قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری

بدھ 6 مارچ 2024 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 مارچ2024ء) الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کی کامیابی کانوٹیفکیشن جاری کردیاجبکہ قومی اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی خواتین کی ترجیحی فہرست ختم ہونے پر ان سے 9 مزید امیدواروں کی فہرست مانگ لی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے بدھ کو جاری کئے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ثوبیہ شاہد ، غزالہ انجم، شہلا بانو اور شاہین ، جمعیت علمائے اسلام (ف) کی نعیمہ کشور خان ،صدف احسان اور پاکستان پیپلزپارٹی کی عاصمہ عالمگیر اور نعیمہ کنول کامیاب قرار پائیں۔

پنجاب سے قومی اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کی امیدوار ثمینہ خالد گھرکی ، نتاشادولتانہ اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی تمکین اختر نیازی کامیاب قرار پائیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح سندھ اسمبلی میں خواتین کی مخصوص نشستوں پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی سمیتا افضل سید اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی فوزیہ حمید کامیاب قرار پائیں۔

قومی اسمبلی میں غیر مسلموں کی مخصوص نشستوں پر مسلم لیگ (ن) کی نیلم ، پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز رمیش کمار ونکوانی اور جمیعت علمائے اسلام (ف) کے جیمزاقبال کامیاب قرار پائے۔ خیبر پختونخوااسمبلی میں غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے عسکرپرویز ، پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سریش کمار اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے بیری لال کامیاب قرار پائے۔

پنجاب اسمبلی میں اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر پاکستان مسلم لیگ (ن )کے امیدوار طارق مسیح ، وسیم انجم اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار بسرو جی کامیاب قرار پائے۔سندھ اسمبلی میں غیر مسلموں کے لئے مخصوص نشست پر پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے امیدوار سدومل سرندر ولاسی کامیاب قرار پائے۔پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی سعدیہ مظفر ، فضا میمونہ، عابدہ بشیر، مقصوداں بی بی، آمرہ خان، ثومیہ عطا، راحت افزا، رخسانہ شفیق، تحسین فواد، فرزانہ عباس، شگفتہ فیصل ، عظمیٰ بٹ ، ماریہ طلال، ساجد نوید، نسرین ریاض، افشاں حسن، آمنہ پروین ، شہربانو، زیبا غفور ، پاکستان پیپلزپارٹی کی روبینہ نذیر اور استحکام پاکستان پارٹی کی سیدہ سمیرااحمد کامیاب قرار پائیں۔

خیبرپختونخوا اسمبلی میں خواتین کے لئے مختص نشستوں پر جمعیت علمائے اسلام پاکستان کی نعیمہ کشور خان، ستارہ آفرین ، ایمن جیل جان، مدینہ گل آفریدی، رابعہ شاہین، نیلوفر بیگم، ناہیدہ نور ، عارفہ بی بی، پاکستان مسلم لیگ (ن) کی آمینہ سردار، فائزہ ملک، افشاں حسین، شازیہ جدون، جمیلہ پراچہ ، پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کی شازیہ طماس خان، نعیمہ کنول ، مہر سلطانہ، اشبر جان جدون، فرزانہ شیریں، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرنز کی نادیہ شیر اور عوامی نیشنل پارٹی کی خدیجہ بی بی کامیاب قرار پائیں۔واضح رہے کہ سنی اتحاد کونسل کو خواتین اور غیر مسلموں کی مخصوص نشستیں نہ ملنے کے فیصلے کے بعد یہ نشستیں دیگر پارلیمانی جماعتوں میں تقسیم کی گئی ہیں۔