یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شاہ کاکو میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے آگاہی سیمینار کا انعقاد

جمعرات 7 مارچ 2024 23:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 مارچ2024ء) یو ای ٹی نیو کیمپس کالا شال کاکو میں خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ایک آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا انعقاد نیو کیمپس خواتین کی کمیٹی نے کیا۔سیمینار میں یونیورسٹی کی خواتین فیکلٹی، عملہ اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ معزز مہمانوں میں کیمپس کوآرڈینیٹر پروفیسر ڈاکٹر شاہد عمران، خواتین کمیٹی کی کنوینر ڈاکٹر ندا اور خواتین کمیٹی کی سیکرٹری عاصمہ نعیم خان موجود تھیں۔

سیمینار میں مہمان مقررین کے طور پر کامیاب خواتین نے اپنے اپنے شعبوں میں کامیابی کی متاثر کن کہانیاں شیئر کیں۔ ایل بی ایس میں کیرئیر مینجمنٹ سیل کی سربراہ ڈاکٹر عافیہ خالد ، پائیدار ہوا بازی کی علمبردار اور پاکستان کی پہلی ایکو جیٹ انجن کمپنی کی بطور انجینئر، پائلٹ، اور انوویٹر،سربراہ ڈاکٹر سارہ قریشی اور پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ اسلامک اسٹڈیز سے اسسٹنت پروفیسر ڈاکٹر فریحہ میلہ نے بطور سپیکرسیمینار میں شرکت کی اور اس بات پر زور دیا کہ کامیابی محض گلابوں کا بستر نہیں بلکہ چیلنجوں سے بھرا ہوا راستہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ کامیابی صرف وہی لوگ حاصل کرتے ہیں جو اپنی جستجو میں ثابت قدم رہتے ہیں۔مقررین نے زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے ناگزیر کردار پر زور دیا اور کہا کہ ان کے تعاون کے بغیر ترقی یافتہ اور خوشحال ٰپاکستان کا وڑن ناقابل حصول ہے۔ تقریب کا اختتام معزز مہمانوں میں سووینئرز کی تقسیم کے ساتھ ہوا۔