سپریم کورٹ ،خصوصی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل بارے اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کی درخواست دائر

جمعرات 7 مارچ 2024 21:05

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2024ء) سپریم کورٹ میں خصوصی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل بارے اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کی درخواست دائر کردی گئی۔تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے رہنماء اعتزاز احسن نے وکیل لطیف کھوسہ کی وساطت سے سپریم کورٹ میں خصوصی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل سے متعلق اپیلیں جلد سماعت کیلئے مقرر کرنے کی درخواست دائر کردی ۔

(جاری ہے)

درخواست میں کہا گیا کہ پانچ رکنی لارجر بینچ نے خصوصی عدالتوں کیخلاف فیصلہ دیا، فیصلے کیخلاف وفاق اور صوبوں کی طرف سے انٹرا کورٹ اپیلیں دائر کی گئیں۔درخواست میں کہا گیا کہ انٹرا کورٹ اپیل میں 6رکنی بینچ نے خصوصی عدالتوں کیخلاف فیصلہ معطل کردیا، خصوصی عدالتوں کا معاملہ اہم نوعیت کا ہے۔درخواست میں استدعا کی گئی کہ انٹرا کورٹ اپیلوں کو 18مارچ کے عدالتی ہفتہ میں سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔