جی ڈی اے کا صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان

صدارتی الیکشن کی صورت میں ہم پر وائسرے مسلط کیا جا رہا ہے،جب تک ناجائز حکومت ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا،صدر الدین شاہ راشدی کی پریس کانفرنس

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 9 مارچ 2024 11:15

جی ڈی اے کا صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان
کراچی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔09 مارچ2024 ء) گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کا بھی صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان ، صدارتی الیکشن میں جی ڈی اے کسی کو ووٹ نہیں دے گی ،صدارتی الیکشن کی صورت میں ہم پر وائسرے مسلط کیا جا رہا ہے۔جب تک ناجائز حکومت ختم نہیں ہوتی احتجاج جاری رہے گا۔جی ڈی اے رہنماءصدر الدین شاہ راشدی نے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ فنکشنل ہاﺅس کلفٹن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے احتجاج کی حمایت کرتے رہیں گے اور ان کا بھرپو رساتھ دینگے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کب کے ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک رزلٹ کا انتظار کررہے ہیں۔الیکشن میں ووٹ نہیں نوٹ کام آیا ہے ۔ہم اور ہمارے تمام اتحاد ی اس بوگس الیکشن کو مسترد کرتے ہیں۔عوامی مینڈیٹ کی توہین کرکے قائم کی گئی حکومت کے خاتمے تک ہمارا احتجاج جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

جب تک یہ ناجائز حکومت چلی نہیں جاتی ہمارا احتجاج چلتا رہے گا۔صدر الدین شاہ راشدی نے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ جی ڈی اے کل تحریک انصاف کے احتجاج کی مکمل حمایت کرتی ہے۔

ہم آئین کے دائرے میں رہ کر اپنی جدوجہدجاری رکھیں گے۔حکومت کتنی چلے گی کہ سوال پر جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جن کے پاس عوامی مینڈیٹ نہ ہوایسی حکومت زیادہ دیر نہیں چلتی ۔عید کے بعد ہم مختلف علاقوں میں الیکشن میں ہونے والی دھاندلی کیخلاف دھرنا دینگے۔یاد رہے کہ اس سے قبل جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی صدارتی الیکشن کے بائیکاٹ کا اعلان کر چکے ہیں۔

مولانا فضل الرحمان نے پی پی وفد کو انکار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے صدارتی الیکشن میں کسی امیدوار کو ووٹ نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔رہنماءپیپلزپارٹی یوسف رضا گیلانی کی قیادت میں پیپلز پارٹی کے وفد نے مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی اور صدارتی انتخاب میں تعاون کی درخواست کی تھی۔جس کے جواب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ میری پارٹی کا فیصلہ ہے ہم صدارتی الیکشن میں کسی کو ووٹ نہیں دیں گے، میں پارٹی فیصلے کا پابند ہوں، محمود اچکزئی کو بھی بتا دیا ہے جے یو آئی کسی کو ووٹ نہیں دے گی۔