Live Updates

پنجاب اسمبلی ، صدارتی الیکشن میں حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے کامیاب

ہفتہ 9 مارچ 2024 22:52

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2024ء) ملک کے 14 ویں صدر کے انتخابات کے لیے پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن میں حکمران اتحاد کے امیدوار آصف علی زرداری بھاری اکثریت سے جیت گئے۔ صدارتی انتخاب کیلئے الیکٹرول کالج کے مروجہ فارمولے کے تحت الیکشن کمیشن کی جانب سے پریذائیڈنگ افسرنثار درانی نے صدارتی الیکشن کے انتخاب کا باقاعدہ اعلان کیا۔

جاری نتائج کے مطابق حکمران اتحاد کے آصف علی زرداری نے الیکٹرول کالج کے پنجاب اسمبلی میں 246ووٹ حاصل کئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی 100ووٹ حاصل کر سکے۔فارمولہ کے تحت حکومتی اتحاد کے آصف علی زرداری نے 43.157 ووٹ اور محمود خان اچکزئی نے17.54 ووٹ حاصل کئے۔پنجاب اسمبلی میں کل 353میں سے 352نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا ، صدارتی الیکشن کے دوران کل6 ووٹ مسترد ہوئے جبکہ تحریک لبیک نے صدارتی الیکشن میں ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

(جاری ہے)

صدارتی امیدوار کے پولنگ ایجنٹوں کی موجودگی میں حتمی نتائج کا اعلان کیا گیا۔پریذائیڈنگ افسر نے حتمی نتائج دونوں امیدواروں کے حوالے کئے جبکہ جیت کے اعلان کے ساتھ ہی پیپلزپارٹی کے ارکان اسمبلی نے خوشی میں نعرے بازی کی جس سے پنجاب اسمبلی کا ایوان جئے بھٹو کے نعروں سے گونج اٹھا۔قبل ازیں صدارتی انتخاب کے لیے پولنگ کا عمل صبح 10 سے شام 4 بجے تک جاری رہا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سمیت پنجاب اسمبلی میں کل 353میں سے 352 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔

صوبائی اسمبلی میںمیں پولنگ کا عمل شروع ہوا توپنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کی رہنما عابدہ رشید نے 10 بجکر 20 منٹ پر پہلا ووٹ کاسٹ کیا۔ووٹنگ کے عمل میں حصہ لینے کیلئے ہفتہ کے روزارکان اسمبلی کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا اور علی الصبح ہی ارکان اسمبلی کی کثیر تعداد پنجاب اسمبلی پہنچ گئی۔دوسری جانب الیکشن کمیشن آف پاکستان کا عملہ بھی وقت پر پنجاب اسمبلی پہنچ گیا اورصدارتی انتخاب کیلئے انتخابی سامان بھی پنجاب اسمبلی پہنچا دیا گیا جس میں بیلٹ باکس، خصوصی پینسل، بیلٹ پیپرز اور دیگر میٹریل شامل تھا۔

ممبر الیکشن کمیشن آف پاکستان نثار درانی نے پریزائیڈنگ آفیسر کے فرائض سرانجام دیئے اورایوان میں انتظامات کا جائزہ لے کر اطمینان کا اظہارکیا۔صدارتی الیکشن میں علی حیدر گیلانی نے آصف علی زرداری کے پولنگ ایجنٹ کے فرائض سر انجام دیئے جبکہ سنی اتحاد کونسل کے امیدوار محمود خاں اچکزئی کے لیے مشتاق احمد خاں نے پولنگ ایجنٹ تھے۔پنجاب اسمبلی میں صدارتی الیکشن کے لیے پولنگ کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری رہا جبکہ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔سی سی ٹی وی کیمروں سے سکیورٹی جبکہ ڈولفن سکواڈ، پیرو اور ایلیٹ ٹیمیں پنجاب اسمبلی اور اطراف میں موثر پٹرولنگ پر مامور رہیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات