اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی اہلیہ انتقال کر گئیں

مرحومہ کی تدفین چارسدہ میں کی جائے گی۔ پارٹی ترجمان زاہد خان کا بیان

Sajid Ali ساجد علی پیر 11 مارچ 2024 13:46

اے این پی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی اہلیہ انتقال کر گئیں
پشاور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11 مارچ 2024ء ) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی اہلیہ انتقال کرگئیں۔ تفصیلات کے مطابق عوامی نیشنل پارٹی کے ترجمان زاہد خان کی جانب سے اپنی جماعت کے بانی باچا خان کی بہو، عوامی نیشنل پارٹی کے موجودہ سربراہ اسفند یار ولی خان کی اہلیہ اور اے این پی خیبرپختونخوا کے صدر ایمل ولی خان کی والدہ کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔

اس حوالے سے جاری کیے گئے ایک بیان میں ترجمان اے این پی زاہد خان نے بتایا کہ مرحومہ کی تدفین چارسدہ میں کی جائے گی، اسفند یار ولی خان کی اہلیہ مرحومہ کی نمازِ جنازہ کے وقت کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے سربراہ عوامی نیشنل پارٹی اسفند یار ولی کی اہلیہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا، صدر مملکت نے ورثا کے ساتھ اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے مرحومہ کیلئے دعائے مغفرت اور سوگوران کیلئے صبر جمیل کی دعا کی، ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری تعزیتی بیان میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں میری ہمدردیاں اور دعائیں سوگواران کے ساتھ ہیں۔

(جاری ہے)

اسی طرح وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی خان کی اہلیہ کے انتقال پر تعزیت کااظہار کیا، وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم نے اسفند یار ولی اور تمام اہل خانہ سے ہمدردی اور افسوس کا اظہار کیا ہے، وزیراعظم کی مرحومہ کی مغفرت اور اہل خانہ کے لئے صبر جمیل کی دعا کی۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یار ولی کی اہلیہ اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی کی والدہ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا، سپیکر قومی اسمبلی نےاللہ تعالیٰ سے مرحومہ کی روح کے ایصال ثواب اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی، اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے مرحومہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ دکھ اور غم کی مشکل گھڑی میں اسفند یار ولی، ایمل ولی خان اور ان کے اہلخانہ کے غم میں برابر کا شریک ہوں۔