گٹکا سپلائی میں ملوث ڈی ایس پی پکڑا گیا

وزیراعلی سندھ کا نوٹس، آئی جی سندھ کو انکوائری کی ہدایت

پیر 11 مارچ 2024 14:45

گٹکا سپلائی میں ملوث ڈی ایس پی پکڑا گیا
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) میرپور خاص میں ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس (ڈی ایس پی)احمد کریم جیلانی گٹکا سپلائی میں ملوث پائے گئے،جس کے بعد وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو انکوائری کی ہدایت کردی ہے۔میڈیا رپورٹ کے مطابق احمد کریم جیلانی کی گاڑی سے گٹکے کی کھیپ برآمد ہوئی جس کے بعد ڈی ایس پی لیگل کو گرفتار کرلیا گیا۔

(جاری ہے)

ڈی ایس پی میرپور خاص کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے ترجمان وزیراعلی ہائوس نے بتایا کہ گٹکا اور دیگر منشیات ٹرانسپورٹ کرتے ہوئے کسٹم حکام نے جامشورو کے قریب سے احمد کریم جیلانی کو گرفتار کیا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے ڈی ایس پی میرپورخاص کریم جیلانی کے منشیات کے کاروبار میں ملوث ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو فوری انکوائری کی ہدایت کردی۔مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ میں عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کا جذبہ رکھنے والے افسران کی ضرورت ہے۔انھوں نے آئی جی سندھ کو ہدایت دی کہ وردی میں جرم کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔