رمضان المبارک کی دعائوں میں ڈاکٹر عافیہ اور اہل غزہ کو یاد رکھیں : ڈاکٹر فوزیہ صدیقی

پیر 11 مارچ 2024 17:59

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 مارچ2024ء) عافیہ موومنٹ کی رہنما اور ملک کی معروف نیورو فزیشن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے تمام عالم اسلام کو رمضان کی مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ سحری، افطاری ، تراویح اور رمضان المبارک کی تمام عبادتوں کی دعائوں میں ڈاکٹر عافیہ کو یاد رکھیں۔ غزہ میں ہمارے فلسطینی بھائی بہن یہ رمضان المبارک انتہائی مشکل حالات میں گزاریں گے، ان کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ کے وکیل کلائیو اسمتھ نے امید دلائی ہے کہ اگر حکومت پاکستان اور وزارت خاجہ کی طرف سے مطلوبہ مدد مل گئی تو وہ کوشش کریں گے کہ اس سال کے اختتام تک عافیہ رہائی پاکر وطن واپس لوٹ آئیں۔ عافیہ موومنٹ میڈیا سیل سے جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا کہ الحمدللہ، ڈاکٹر عافیہ کے صاحبزادے ڈاکٹر احمد اس سال بھی گھر پر نماز تراویح پڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا میں ائمہ کرام اور پوری قوم سے اپیل کرتی ہوں کہ ڈاکٹر عافیہ کی رہائی کے ساتھ غزہ اور کشمیر کے مسلمانوں کی آزادی، عالم اسلام اور پاکستان میں ،امن اور استحکام ، ترقی اور خوشحالی کے لئے بھی خصوصی طور پر دعائوں کا اہتمام کریں۔