صدر آصف علی زرداری وفاق اور صوبوں میں اعتماد کی فضا کو مستحکم کریں گے ، مخدوم سید احمد محمود

پیر 11 مارچ 2024 18:55

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر مخدوم سید احمد محمود نے کہا ہے کہ صدر مملکت کے عہدہ پر آصف علی زرداری کی کامیابی جمہور پسندوں کی جیت ہے ، موجودہ وقت میں ملک کو ایسی ہی قیادت کی ضرورت ہے جو نفرتوں کی سیاست کو ختم کر کے قومی اتفاق رائے پیدا کرے ۔

(جاری ہے)

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ملک کو مفاہمت کی اشد ضرورت ہے اور آصف علی زرداری مفاہمت کے بادشاہ مانے جاتے ہیں ، ان کے صدر بننے سے پاکستان کا وقار بلند ہوگا ، سی پیک و پاک ایران گیس پائپ لائن جیسے منصوبوں کی تکمیل ہوگی اور ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ صدر زرداری وفاق اور صوبوں میں اعتماد کی فضا کو مستحکم کریں گے ۔ مخدوم احمد محمود نے آصف علی زرداری کے دوسری بار صدر منتخب ہونے پر ملک بھر کے جیالوں کو مبارکباد پیش کی۔