اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے ،حل کرنے میں کسر اٹھا نہیں رکھی جائیگی‘ چوہدری سالک حسین

پالیسیوں کی تشکیل میں بطور اسٹیک ہولڈر شامل کرینگے‘ وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانی و انسانی ترقی کی ندیم پہلوان سے گفتگو

منگل 12 مارچ 2024 13:34

اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا ادراک ہے ،حل کرنے میں کسر اٹھا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 مارچ2024ء) وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانیز و انسانی ترقی چوہدری سالک حسین سے پاکستان مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان نے ملاقات کر کے کابینہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ اس موقع پر پارٹی امور سمیت ملک کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

چوہدری سالک حسین نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی حقیقی معنوں میں ملک کی معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ،لاکھوں پاکستانی اپنے گھر وںسے دور پردیس میں محنت کر کے اپنے ملک کو ڈالروں کی صورت میں قیمتی زر مبادلہ بھجواتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کو یہاں جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان کا مکمل ادراک ہے اور میرا دعویٰ ہے کہ انہیں حل کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کوشش ہو گی کہ اوورسیز سے متعلق جو بھی پالیسی بنائیں انہیں اس میں بطور اسٹیک ہولڈر شامل کریں اور ان کی مثبت تجاویز کو اہمیت دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں غیر ملکی سرمایہ کاری کی اشد ضرورت ہے ، ایسے حالات میںاوورسیز پاکستانی اپنا کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔ محمد ندیم پہلوان نے چوہدری سالک حسین کو اپنے حالیہ دورہ قطر اور اومان اورغیر ملکی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ میں دلچسپی کے حوالے سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) حکومتی اتحادی ہونے کے باوجود عوام کے مسائل کے حوالے سے اپنی آواز بلند کر ے گی۔