ملکی ترقی کیلئے تعلیم کے شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کرنا ہوگا ‘ چوہدری سرور

آج بھی کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں جو لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ‘ سابق گورنر پنجاب

بدھ 13 مارچ 2024 13:10

ملکی ترقی کیلئے تعلیم کے شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کرنا ہوگا ‘ چوہدری ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے تو تعلیم کے شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کرنا ہوگا ، ہمارے ہاں جو نصاب پڑھایا جارہا ہے اس کے ذریعے ہم دنیا کا مقابلہ نہیں کر سکتے اس لئے نصاب میں جدت لانے کی ضرورت ہے ، سرور فائونڈیشن ،معراج خالد کے پلیٹ فارم سے تعلیم کے فروغ کیلئے اپنی استطاعت سے بڑھ کر کردار ادا کر رہے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے سرور فائونڈیشن ، معراج خالد کالج کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ لاہور کے جنرل سیکرٹری محمد ندیم پہلوان اور دیگر بھی موجود تھے۔ سابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے شرکاء کو فائونڈیشن کی تعلیم کے فروغ کے حوالے سے سر گرمیوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل ہونا ہے تو ہمیں قوم کو بہترین اور اعلیٰ تعلیم سے روشناس کرانا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ آج بھی کروڑوں بچے سکولوں سے باہر ہیں جو لمحہ فکریہ ہونا چاہیے ۔ حکومتوں کو مختلف مدوں میں رکھے گئے غیر ضروری بجٹ کو تعلیم کے شعبے کی بہتری کی جانب منتقل کرنا ہوگا ، مطالبہ ہے کہ تعلیم کے شعبے میں ایمر جنسی کا نفاذ کیا جائے ، تعلیم کے لئے زیادہ سے زیادہ بجٹ مختص اور اس کے درست اور شفاف استعمال کو یقینی بنایا جائے ۔ محمد ندیم پہلوان نے کہاکہ چوہدری محمد سرور فلاحی منصوبوں خصوصاً تعلیم کے فروغ کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں جس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔