یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے منصوبہ بندی کی رفتار کو تیز کیا جائے ،سید ناصرحسین شاہ

بدھ 13 مارچ 2024 19:49

یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے منصوبہ بندی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) وزیر توانائی سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ عوام کو مستفید کرنے کے لیے ادارے کے تمام جاری منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے تاکہ اس کے ثمرات جلد از جلد عوام تک پہنچ سکیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ توانائی کے پہلے تعارفی اجلاس کی صدارت کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا۔ صوبائی وزیر نے ہدایت کی کے تمام منصوبوں میں معیار اور میرٹ کا خاص خیال رکھا جائے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر کو محکمے کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ تھر کول بلاک ون اور بلاک 2 سے 15.3 ملین ٹن کوئلہ سالانہ نکالا جارہا ہے جس سے 33 سو میگاواٹ بجلی قومی گرڈ کو مہیا کی جارہی ہے اور بڑی پیمانے پر زر مبادلہ کی بچت کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

تھر کے کوئلے کو مزید صنعتی استعمال میں لانے کے لیے اسلام کوٹ سے چھوڑ تک 105 کلومیٹر ریلوے ٹریک بچھایا جائے گا۔

سیدناصرحسین شاہ کو مزید بتایا گیا کہ 1845 میگاواٹ بجلی ونڈ پاور پروجیکٹ سے پیدا کی جارہی ہے۔ جبکہ 150 میگاواٹ کے تین سولر پاور پلانٹ مکمل ہوچکے ہیں۔ عالمی بینک کے تعاون سے 400 میگا واٹ کے تین سولر پاور پروجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے جن سے پیدا ہونے والی بجلی K الیکٹرک کے گرڈ سسٹم میں شامل کی جائے گی۔ اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ سرکاری عمارتوں کو سولر سسٹم پر متقل کرنے کا عمل جاری ہے جب کہ اب تک 33 ہسپتالوں میں 21 میگا واٹ بجلی سولر سسٹم کے تحت مہیا کی جا رہی ہے جبکہ 24 سرکاری عمارتوں کو 11 میگا واٹ سولر سے بجلی فراہم کرنے کا کام جاری ہے۔

وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ کو مزید بتایا گیا کہ سولر سسٹم کے معیار کو جانچنے کے لیے این ای ڈی اور مہران یونیورسٹی میں جدید لیبارٹریز قائم کی جائیں گی۔ وزیر توانائی سید ناصر حسین شاہ نے اس موقع پر افسران کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے منشور کے مطابق عوام کو سولرائزیشن پروجیکٹ کے ذریعے 300 یونٹ مفت بجلی فراہم کرنے کے منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے منصوبہ بندی کی رفتار کو تیز کیا جائے۔

اجلاس میں سیکرٹری توانائی مصدق احمد خان نے بتایا کہ اس وقت محکمہ توانائی کے 20 ذیلی ادارے کام کر رہے ہیں جبکہ چار اہم منصوبے تھرکول، متبادل توانائی، تیل اور گیس اور الیکٹرک پاور کے منصوبوں پر کام جاری ہے۔اجلاس میں وزیر توانائی سیدناصرحسین شاہ کے علاوی سیکریٹری توانائی مصدق احمد خان، ڈی جی کول مائنز مشتاق سومرو، ایم ڈی تھرکول انرجی بورڈ ریاض حسین سومرو، ڈائریکٹر متبادل توانائی محفوظ قاضی سمیت محکے کے اعلی افسران بھی شریک تھے۔