سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی امیدواروں کے نام سامنے آگئے

حامد خان اور ذلفی بخاری کو سینیٹ کا رکن بننے کیلئے بانی پی آئی ٹی کی رضا مندی حاصل ہے،ذرائع

بدھ 13 مارچ 2024 22:10

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مارچ2024ء) سینیٹ الیکشن میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کے نام سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق حامد خان اور ذلفی بخاری کو سینیٹ کا رکن بننے کیلئے بانی پی آئی ٹی کی رضا مندی حاصل ہے۔حامد خان اور ذلفی بخاری کو جنرل سیٹ پر سینیٹ کا رکن بنوایا جائے گا۔ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق مصدق عباسی ٹیکنو کریٹ نشست پر سینٹر بننے کے امیدوار ہوں گے۔

یاد رہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی، ڈپٹی چیئرمین مرزا آفریدی، قائد ایوان اسحاق ڈار، قائد حزب اختلاف ڈاکٹر شہزاد وسیم اور سینیٹر رضا ربانی سمیت سینیٹ کے 52ارکان کی مدت پوری ہوگئی۔الیکشن کمیشن اعلامیہ کے مطابق ریٹائر ہونے والے 52سینیٹر 2018میں منتخب ہوئے تھے، اب سینیٹ کی خالی نشستوں پر الیکشن 2اپریل کو ہوگا۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات کیلئے انتخابی شیڈول 14مارچ کو جاری کیا جائے گا، سینیٹ کی 48خالی نشستوں پر انتخابات کروائے جائیں گے۔

فاٹا کی خالی ہونے والی 4نشستوں پر انتخاب نہیں ہوگا، فاٹا کی مخصوص نشستیں 25ویں آئینی ترمیم کے تحت ختم ہوچکی ہیں۔الیکشن کمیشن اعلامیہ میں بتایا گیا کہ پنجاب کی 7جنرل، 2خواتین، 2علما/ٹیکنو کریٹ اور ایک غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔اعلامیہ میں کہا گیاکہ سندھ کی 7جنرل، 2خواتین، 2علما/ٹیکنو کریٹ اور 1غیر مسلم نشست پر انتخاب ہوگا۔خیبر پختونخوا کی 7جنرل، 2خواتین، 2علما/ٹیکنو کریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگاجبکہ بلوچستان کی 7جنرل، 2خواتین اور 2علما/ٹیکنو کریٹ نشستوں پر انتخاب ہوگا۔الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ وفاقی دارالحکومت کی1جنرل اور1علما/ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہوگا۔