Live Updates

سرداررمیش سنگھ اروڑا کی زیر صدارت ویساکھی میلہ 2024کے لئے انتظامی اجلاس منعقد

جمعرات 14 مارچ 2024 13:57

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) سکھ مذہب کے معروف تہوار ویساکھی میلہ 2024کے لیے انتظامی اجلاس جمعرات کے روز زیر صدارت پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی و صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب سرداررمیش سنگھ اروڑامنعقد ہوا۔ ترجمان متروکہ بورڈ کے مطابق اجلاس میں سیکرٹری متروکہ وقف املک بورڈ فریداقبال، ایڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد سلیم، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن ثنا اللہ خان،ڈپٹی سیکرٹری ایڈمن کرتارپور سیف اللہ کھوکھر، بورڈ ترجمان عامر حسین ہاشمی سمیت لاہور اور حسن ابدال کے مختلف انتظامی و پولیس افسران کے علاوہ ر یلوے،ایف آئی اے داخلہ و خارجہ،سوئی گیس،ہیلتھ و دیگر مختلف انتظامی امور کے اعلی افسران نے شرکت کی۔

بورڈ کے یڈیشنل سیکرٹری شیرائنز رانا شاہد نے ویساکھی میلہ اور خالصہ جنم دن تقریبات کے انتظامات اور یاتریوں کے شیڈول بارے مکمل بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت سمیت دنیا بھر سے آنے والے سکھ یاتریوں کی متروکہ وقف املاک بورڈ،اور پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی کی جانب سے بہترین مہمان نوازی کی جائے گی، طعام، قیام، میڈیکل اور سیکورٹی کی سہولیات فراہم کی جائیں گی ۔

صوبائی وزیر اقلیتی امور پنجاب اورپردھانپی ایس جی پی سیسردار رمیش سنگھ اروڑانے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے مطابق آنے والے تمام مہمانوں کی بہترین مہمان نوازی کی جائے گی تاکہ بیرون ملک سے آنے والے مہمان پاکستان سے محبتیں لیکر واپس روانہ ہوں،اور اس ضمن میں وفاقی اور صوبائی حکومت بھی پھر پور اقدامات کر رہی ہے۔ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کے مطابق سکھ یاتری 13اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے بعد ازاں انہیں اسپیشل ٹرینوں کے ذریعے سخت سیکورٹی میں حسن ابدال روانہ کیا جائے گا۔

14اپریل کو گورودوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال میں خالصہ جنم دن اور ویساکھی میلہ کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔ یاتری 22اپریل کو 10روز یاترا مکمل کرنے کے بعد بھارت واپس چلے جائیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات