پاکستان میں قائم او آئی سی کے ذیلی ادارہ کامسٹیک کا خصوصی تعلیم کے اساتذہ کے لیے تربیتی پروگرام کا اجراء

جمعرات 14 مارچ 2024 20:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 مارچ2024ء) پاکستان میں قائم اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے ذیلی ادارہ کامسٹیک اور آئیڈا ریو سکولز نے جمعرات کو یہاں او آئی سی ممالک میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کے لئے تربیتی پروگرام کا آغاز کردیا۔ کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے آئیڈا ریو سکولز کی ٹیم کا پرتپاک خیر مقدم کیا۔

انہوں نے معروف سماجی کارکن اور آئیڈا ریو سکولز کی صدر نادرہ پنجوانی کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے او آئی سی خطے میں خصوصی تعلیم سے منسلک اساتذہ کی تربیت کے لیے کامسٹیک کے ساتھ مشترکہ پروگرام شروع کیا۔ انہوں نے کامسٹیک کے اغراض و مقاصد، پروگراموں اور دائرہ کار پر ایک جامع پریذنٹیشن دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ نیا مشترکہ تربیتی پروگرام او آئی سی کے 57 ممالک میں خصوصی تعلیم کے ضمن میں اہم کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

پروفیسر اقبال چودھری نے کہا کہ 1921 میں قائم ہونے والے آئیڈا ریو سکولز معذور بچوں کی خصوصی تعلیم کے نمایاں اداروں میں سے ہیں، یہ ایک صدی پرانا ادارہ اب نادرہ پنجوانی کی قابل، فیاض اور پرجوش قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے، ہم ان کے شکر گزار ہیں جس کی وجہ سے یہ مشترکہ پروگرام ممکن ہوا۔ افتتاحی تقریب کی مہمان خصوصی نادرہ پنجوانی صدر آئیڈا ریو سکولز نے کہا کہ یہ مشترکہ پروگرام مسلم ممالک میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کو تربیت فراہم کرے گا۔

انہوں نے کوآرڈینیٹر جنرل کامسٹیک پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری کے او آئی سی ممالک میں خصوصی تعلیم کے اساتذہ کی کمیونٹی کی تربیت کے لیے مشترکہ تربیتی پروگرام شروع کرنے کے اقدام کو سراہا۔ نادرہ پنجوانی نے کہا کہ آئیڈا ریو سکولز اور کالج آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن کے تحت چلائے جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ایسوسی ایشن کراچی میں نابینا اور بہرے بچوں کو تعلیم و تربیت فراہم کرنے کے وژن کے ساتھ وجود میں آئی تاکہ انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اس کا مشن خصوصی بچوں کی ذہنی اور سماجی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا اور انہیں تعلیم و تربیت کے ذریعے تمام چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بنانا ہے۔ آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی کے قیام کے بارے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ لیڈی آئیڈا اگسٹا ریو یکم مئی 1921 کو اپنی وفات تک سندھ میں رہیں۔ کراچی اور سندھ میں اپنے قیام کے دوران انہوں نے اپنی زندگی سماجی بہبود کی مختلف سرگرمیوں کے لیے وقف کردی۔

انہوں نے کہا کہ ایک غریب فلاحی انجمن ان کی آخری اسکیم تھی جس پر وہ اپنی موت سے قبل کام کررہی تھیں۔ جب ان کا انتقال ہوا تو سندھ کے تمام علاقوں سے ان کی یادگار کے قیام کی خواہش کا اظہار کیا گیا اور ان کا نام برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس طرح 25 نومبر 1921 کو کراچی میں ’’آئیڈا ریو ویلفیئر ایسوسی ایشن‘‘ کا قیام عمل میں آیا جس کا مقصد نابینا، بہرے اور گونگے بچوں کو معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے تعلیم و تربیت فراہم کرنا تھا۔

آئیڈا ریو سکولز کی بورڈ ممبر روبیکا رضا نے آئیڈا ریو سکولز کے قیام، اغراض و مقاصد، سرگرمیوں کے بارے میں ایک جامع پریذنٹیشن دی۔ تقریب میں فلسطین، آذربائیجان، افغانستان، یمن، سوڈان، صومالیہ، شام، نائجیریا اور کینیا کے سفیروں اور سفارت کاروں اور کامسٹیک کنسورشیئم کے ممبر اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔\932