نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد

جمعہ 15 مارچ 2024 16:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد میں اسلاموفوبیا کے عالمی دن کے موقع پر سیمینار کا انعقاد ہوا۔ جمعہ کو منعقد ہونے والے سیمینار کی صدارتایڈیشنل سیکرٹری وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت محی الدین احمد وانی نے کی۔ سیمینار سے جائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر وفاقی وزارت تعلیم وپیشہ وارانہ تربیت و ڈائریکٹر قومی نصاب کونسل سیکرٹریٹ ڈاکٹر شفقت علی جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تمام ممالک اور لوگوں کے درمیان رواداری کی عالمی اقدار کے فروغ، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے لئے بین الاقوامی برادری کے ساتھ بات چیت اور تعاون کے لئے پرعزم ہے،پاکستان کے اقدامات کا مقصد باہمی افہام و تفہیم پیدا کرنا اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دینا ہے، اسلامو فوبیا کی کارروائیوں کے ذریعے بین المذاہب منافرت بڑھانے اور تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کو نقصان پہنچانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسلام کو انتہاء پسندی اور دہشت گردی کے ساتھ غلط طور پر جوڑنا مسلمانوں کی پسماندگی اور بدنامی کا باعث ہے، اسلامی نظریات اور مذہبی شخصیات کو آزادی اظہار رائے کی آڑ میں نشانہ بنانے سے دنیا بھر کے تقریباً ڈیڑھ ارب مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ او آئی سی بین الاقوامی برادری کو حضور اکرمؐ اور قرآن مجید کے ساتھ مسلمانوں کی دیرینہ محبت اور عقیدت کے بارے میں سمجھانے کے لئے مل کر کوششیں کرے، تمام مذہبی گروپوں کے حساس معاملات کے دفاع کے لئے قانونی ذرائع استعمال کئے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو آپ ﷺ کی تعلیمات اور سیرت النبی ﷺ کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے ،اس حوالے سے ہر سطح پر سیمینار ،ورکشاپس کا انعقاد کرایا جائے گا۔اس موقع پر چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل قبلہ ایاز ظہیر ، چیئرمین قومی رحمت اللعالمین و خاتم النبینﷺ اتھارٹی خورشید احمد ندیم،وائس چانسلر نیشنل سکلز یونیورسٹی اسلام آباد ڈاکٹر مختار احمد بھی شریک ہوئے۔