حکومت نے پنجاب اسمبلی میں 6آرڈیننس پیش کر دئیے،اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

جمعہ 15 مارچ 2024 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 مارچ2024ء) پنجاب حکومت نے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں 6آرڈیننس پیش کر دئیے جنہیں کمیٹیوں کے سپرد کر دیا گیا ،اپوزیشن نے دوبارہ گنتی میں کامیاب ہونے والے رکن کے حلف کے موقع پر شدید احتجاج کیا ۔ اجلاس سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان کی صدارت میں ہوا۔ سپیکر کی ہدایت پر چار ممبران محمد عبد اللہ وڑائچ ،رانا منور حسین ،سید علی حیدر گیلانی اورغلام رضا پر مشتمل پینل آف چیئرمین کا اعلان کیا گیا ۔

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں اپوزیشن نے دوبارہ گنتی کے نتیجے میں مسلم لیگ (ن) کے رکن کے جیتنے اور اس کے حلف اٹھانے پر شدید احتجاج کیا۔ سنی اتحاد کونسل کے پارلیمانی لیڈر رانا آفتاب احمد نے کہا کہ ہمارے رکن اسمبلی عمیر وصی فارم 45اورفارم 47کے تحت منتخب ہو چکے ،انہوں نے حلف بھی اٹھا لیا ،الیکشن کمیشن حلف اٹھانے کے بعد کسی کو ڈی سیٹ نہیں کر سکتا، الیکشن کمیشن نے دوبارہ گنتی کرکے یکطرفہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ،خان بہادر ڈوگر کا نتیجہ متنازعہ ہے ان سے حلف نہ لیا جائے، الیکشن کمیشن کے پاس جوڈیشل پاور نہیں وہ دوبارہ گنتی کے احکامات نہیں دے سکتا۔

(جاری ہے)

سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ آپ نے رولز 38 کے تحت بات کرکے اچھا کیا،کیا اسپیکر کے پاس اختیار ہے کہ وہ آر او کے معاملے پر بات کرے، جب آپ ہلڑ بازی کرتے ہیں تو 12کروڑ عوام کے حقوق کا استحصال کرتے ہیں، ابھی شارٹ رولنگ دوں گا تفصیلی رولنگ بعد میں دوں گا۔ وزیر پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے نکتہ اعتراض پر کہا کہ کم عمر بچوں کی گرفتاری نہیں ہوئی ،دھاتی ڈور والے نیٹ ورک کو گرفتار کیاگیاہے، پولیس نے تین ڈویژن میں اعلانات کروائے کہ خونی کھیل نہ کھیلیں،لاہور ، فیصل آباد ، ملتان اور ساہیوال میں سینکڑوں مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

حکومتی رکن سمیع اللہ خان نے اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ ہم ایوان میں بزنس چلا رہے ہیں تو بیوروکریٹس اس کو سنجیدگی سے نہیں لیتے۔ذوالفقار علی شاہ نے رپورٹ کیلئے پنجاب اسمبلی کے ایوان میں تحریک استحقاق پیش کر دی۔ ذوالفقار علی شاہ نے کہا کہ مختلف محکموں کی رپورٹ تو پیش کی جاتی ہیں لیکن ان کی رپورٹس پربحث کی اجازت نہیں دی جاتی۔سردار شہاب الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمیں اجازت نہیں کہ عمرہ پر جائیں ۔

جس پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے متعلقہ ممبر کو یقین دہانی کرائی کہ وفاق سے بات کروں گا۔ اجلاس میں حکومت نے پنجاب سول سرونٹس سے متعلق دوترمیمی آرڈننس 2023، پولیس آرڈر ترمیمی آرڈننس 2023 ،پنجاب ایگریکلچر مارکٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی ترمیمی آرڈننس 2023 ،پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن ترمیمی آرڈننس 2023 اور پنجاب پرائس کنٹرول اشیائے ضروریہ ایوان میں پیش کئے جنہیں اسپیکر نے متعلقہ کمیٹیوں کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ۔ایجنڈا ختم ہونے پر اسپیکر ملک محمد احمد خان نے اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردیا۔