پہلی بارپاکستانی خاتون کو ڈیانا لیگیسی ایوارڈ سے نوازدیا گیا

ہفتہ 16 مارچ 2024 16:38

پہلی بارپاکستانی خاتون کو ڈیانا لیگیسی ایوارڈ سے نوازدیا گیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 مارچ2024ء) پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار روحیل فانڈیشن کی بانی خاتون علیزے خان کو ڈیانا لیگیسی ایوارڈ سے نوازا گیا۔علیزے خان نے یہ ایوارڈ جمعرات چودہ مارچ کو لندن میں منعقدہ ایک تقریب میں برطانوی بادشاہ شاہ چارلس سوم کے صحابزادے شہزادہ ولیم سے وصول کیا۔26 سالہ علیزے خان کو ایک متاثر کن سماجی اور انسانی ہمدری کے کاموں میں اپنی کوششوں کے لیے اعلی ترین ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔

ڈیانا لیگیسی ایوارڈز ہر دو سال بعد منعقد ہوتے ہیں اور دنیا بھر سے 20 نوجوانوں کی کامیابیوں کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں ایوارڈ سے نوازا جاتا ہے۔لیگیسی ایوارڈ ڈیانا ایوارڈ کی 25 ویں سالگرہ کی یاد میں منایا جاتا ہے، یہ ایک خیراتی ادارہ ہے جو ویلز کی آنجہانی شہزادی ڈیانا کی یاد میں قائم کیا گیا تھا، جو دنیا میں تبدیلی لانے کے لیے نوجوانوں کی صلاحیت پر یقین رکھتی تھیں۔

(جاری ہے)

لیگیسی ایوارڈ کے 20 کامیاب امیدوار کا انتخاب آزاد ججنگ پینل نے کیا، جس کی قیادت بیرونس ڈورین لارنس نے کی تھی۔ڈیانا ایوارڈ کی ویب سائٹ کے مطابق علیزے خان نے ضرورت مندوں کو راشن کے تھیلے اور پکا ہوا کھانا فراہم کر کے کھانے کی عدم تحفظ کو دور کرنے کے لیے روحیل فائونڈیشن کی بنیاد رکھی،اس کے علاوہ وہ ضرورت مند لوگوں کو ان کے بچوں کی شادی کروانے میں بھی مدد کرتی ہیں اور پسماندہ علاقوں میں حفظان صحت کی مہم کا بھی اہتمام کرتی ہے۔

علیزے خان سیکس ورکرز کے بچوں کو تعلیم فراہم کرنے میں بھی اپنا حصہ ڈال رہی ہے اور لاہور میں یتیم خانوں کے لیے فنڈ ریزنگ میں بھی مصروف ہے۔کوڈ 19 وبائی امراض کے دوران انہوں نے نے وسیع پیمانے پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والوں میں راشن بیگ تقسیم کیے تھے۔