شہریوں کے لیےرمضان المبارک میں سگریٹ نوشی سے پرہیز ممکن ہے، ماہرین صحت

اتوار 17 مارچ 2024 16:10

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 مارچ2024ء) پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان کے زیرِ اہتمام رمضان المبارک کے مقدس مہینے کے حوالے سے ترک تمباکو نوشی کے حوالے سے ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اس سلسلے میں فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف چیسٹ بروری روڈ کوئٹہ کی جانب سے پروگرام ترتیب دیا گیا,جس میں سپیشلسٹ فیکلٹی سینیر ڈاکٹرز اور ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ماہرین نے سگریٹ، بیڑی، حقہ، شیشہ اور کسی بھی قسم کے تمباکو نوشی کے مضر اثرات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور عوام الناس کو ان کے منفی اثرات سے آگاہ کرنے میں سوسائٹی کے کردار پر روشنی ڈالی اور سوسائٹی کی کوششوں کو سراہا۔ ماہرین صحت نے اس چیز پر زور دیا کہ جیسے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں ہم ان چیزوں سے دور رہتے ہیں اسی طرح باقی سارا سال بھی پرہیز کیا جاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

رمضان کا مہینہ عبادت، دعا اعمال کے ساتھ ساتھ ذہنی اور جسمانی نظم و ضبط کا بہترین ذریعہ ہے۔ جس میں سگریٹ نوشی سے پرہیز ممکن ہے۔ رمضان کی تربیت ہماری باقی روزمرہ زندگی پر بہت زیادہ اثر ڈال سکتی ہے۔ سوسائٹی کے صدر ڈاکٹر مقبول احمد لانگو جنرل سیکرٹری ڈاکٹر محمود احمد شاہوانی پریس سیکرٹری پاکستان چیسٹ سوسائٹی بلوچستان چیپٹر ڈاکٹر ضیاء الدین تمام کابینہ اور ممبران نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سوسائٹی اپنی ذمہ داریاں پوری کرتے ہوئے معاشرے کے ہر طبقے کے حوالے سے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔